افغانستان: انتخابی ریلی پر خودکش حملہ
2 اکتوبر 2018خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے افغان صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اس بات خدشہ ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ خودکش حملہ ننگرہار صوبے کے ضلع کاما میں آج منگل دو اکتوبر کی سہ پہر کو ہوا۔ خودکش حملہ آور نے عبدالناصر محمد نامی ایک آزاد امیدوار کی انتخابی ریلی کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے ایک رُکن سہراب قادری نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ مذکورہ انتخابی جلسے میں 250 کے قریب افراد جمع تھے جب یہ دھماکا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کی کم از کم تعداد 20 ہے جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہیں۔
افغانستان میں 20 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات شیڈول ہیں۔ اس سلسلے میں پورے ملک میں انتخابی مہم کا آغاز جمعہ 28 ستمبر کو ہوا تھا۔
ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ خیال رہے کہ پاکستانی سرحد کے قریب موجود صوبہ ننگر ہار میں طالبان کے علاوہ داعش سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند بھی موجود ہیں اور رواں برس کے دوران ان دونوں کی طرف سے متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی جا چکی ہے۔
ا ب ا / ع ت (روئٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس)