افغانستان ميں حجاب کے بغير عورتوں کا سفر ممنوع
26 دسمبر 2021افغان طالبان نے حکم جاری کيا ہے کہ طويل سفر کرنے والی خواتين کو کسی مرد کے بغير ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم نہ کی جائے۔ مختصر فاصلے تک سفر کرنے والی خواتين کو البتہ اس سے استثنیٰ حاصل ہے۔ يہ حکم نامہ طالبان کی اس وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری کيا گيا ہے، جس کا کام 'گناہوں کو روکنا اور اچھی اقدار کا فروغ‘ ہے۔ وزارت نے تمام ٹرانسپورٹ والوں کو يہ ہدايت بھی دی ہے کہ حجاب کے بغير عورتوں کو گاڑيوں پر سوار نہ کيا جائے۔
طالبان حکومت کے ایک سو ایام، کئی چیلنجز اور بے شمار مسائل
طالبان کے نئے مذہبی ضوابط، خواتین فنکاروں کو ٹی وی پر نہ دکھانے کی ہدایات
افغانستان میں خوراک کا بحران سابقہ حکومت کی 'میراث' ہے، طالبان
افغانستان ميں طالبان کے سابقہ دور ميں عورتوں کے حقوق کی پامالی ايک بڑا مسئلہ تھا۔ يہی وجہ ہے کہ دوحہ ميں امريکا اور طالبان کے مابين مذاکراتی عمل ميں بھی اس بات پر خاصی توجہ دی گئی تھی کہ طالبان عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو يقينی بنائيں۔ البتہ رواں سال اگست ميں ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے طالبان نے کئی ايسے اقدامات کيے ہيں، جن سے ايسا ہوتا دکھائی نہيں ديتا۔ متعدد صوبوں ميں اسکول کھل چکے ہيں ليکن لڑکيوں کو سيکنڈری اسکولوں سے دور رکھا گيا ہے۔ اسی ماہ طالبان نے اپنے رہبر اعلیٰ کے حوالے سے ايک حکم نامہ جاری کيا جس ميں عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو يقينی بنانے کا کہا گيا مگر اس ميں تعليم تک رسائی کا کوئی ذکر نہيں۔ علاوہ ازيں کئی معاملات ميں عورتوں کو پابنديوں اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
تازہ حکم کے بارے ميں بات کرتے ہوئے افغان وزارت کے ترجمان صادق عاکف مہاجر نے خبر رساں ادارے اے ايف پی کو بتايا کہ تنہا سفر کرنے والے خواتين اگر خاندان کے کسی رکن يا مرد کے ساتھ نہ ہوں، تو انہيں 45 کلوميٹر سے زيادہ فاصلے تک سفر کی اجازت نہيں۔ مرد کے بارے ميں کہا گيا ہے کہ اس کا 'قريبی رشتہ دار‘ ہونا لازمی ہے۔
سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر گردش کرنے والے يہ احکامات اتوار 26 دسمبر کو جاری کيے گئے ہيں۔ چند روز قبل اسی وزارت نے ٹيلی وژن چينلز کو ايسے ڈرامے نشر کرنے سے روک ديا تھا، جن ميں عورتيں کردار ادا کرتی دکھائی ديں۔ خواتين صحافيوں کو خبريں پڑھتے وقت حجاب کرنے کا حکم بھی اسی وزارت کی جانب سے ديا گيا تھا۔ وزارت کے ترجمان صادق عاکف مہاجر نے واضح کيا کہ سفر کرنے والی خواتين کے ليے بھی حجاب اب لازمی ہے۔ چند ہفتوں قبل لوگوں سے يہ بھی کہا گيا تھا کہ وہ گاڑيوں ميں موسيقی نہ چلائيں۔
افغانستان کو ان دنوں شديد اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔ خطے کے ممالک بالخصوص پاکستان عالمی برادری پر زور ڈال رہے ہيں کہ افغانستان کی مدد بحال کی جائے تاکہ وہاں کے حالات خراب نہ ہوں۔ دوسری جانب عالمی برادری کا اصرار ہے کہ طالبان عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو يقينی بنائيں۔
ع س / ا ب ا (اے ایف پی)