1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں عام معافی، طالبان کا اعلان

17 اگست 2021

شورش زدہ ملک افغانستان میں طالبان نے دو روز قبل بظاہر کنٹرول سنبھالا تھا۔ اب انہوں نے سارے ملک کے لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے اور خواتین کے حوالے سے بھی اہم اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3z4kL
Konflikt in Afghanistan | Taliban-Kämpfer
تصویر: dpa/AP/picture alliance

افغانستان کے دارالحکومت کابل پر قبضہ کرنے کے دو ہی دن بعد طالبان نے سارے ملک میں عام معافی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کا ایک بڑا مقصد سرکاری ملازمین کی دفاتر میں واپسی ہے۔ طالبان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عام معافی اس لیے دی گئی ہے تاکہ سب لوگ معمول کی اپنی  زندگی پھر سے شروع کر سکیں۔

بين الاقوامی برادری افغان بحران کو مل کر حل کرے، پاکستان

طالبان رہنما کا بیان

اس مناسبت سے طالبان کے کلچرل کمیشن کے رکن انعام اللہ سمنگانی کا کہنا ہے کہ طالبان ملک میں صورت حال کو معمول پر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی امارات نہیں چاہتی کہ افراتفری کے حالات میں خواتین کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچے۔ طالبان نے خواتین سے کہا ہے کہ وہ حکومت کا حصہ بنیں۔

Afghanistan | Evakuierung von Afghanen aus Kabul
کابل کے ہوائی اڈے پر افغان شہریوں کو امریکی فوجیوں نے روک رکھا ہےتصویر: Wakil Kohsar/AFP

یہ امر اہم ہے کہ طالبان افغانستان کے لیے اسلامی امارات کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔ سمنگانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک کی خواہش ہے کہ ان کی قیادت کے ساتھ عام لوگ شامل ہوں۔

شکست کے ذمہ دار افغان رہنما اور فوج ہيں، امریکی صدر

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام لوگ مسلمان ہیں اور ان پر جبر نہیں کیا جائے گا کہ وہ اسلام کے دائرے میں آئیں۔ ادہر ترکی نے طالبان کے ابتدائی بیان کو مثبت قرار دیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق وہ افغانستان کے سب فریقوں سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔

افغان دارالحکومت میں تبدیلی

افغان دارالحکومت کابل میں عام لوگ اب پتلون میں دکھائی نہیں دے رہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عام مرد اب طالبان کے پہناوے شلوار قمیض میں ملبوس دکھائی دیتے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں بیان کیا ہے کہ خوف کی موجودگی میں اب معمولاتِ زندگی ایک نئے انداز سے آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ لوگ گھروں سے باہر نکلنا شروع ہو گئے ہیں اور وہ دیکھنا چاہتے ہیں طالبان کے دور میں معمولاتِ زندگی کیسے ہوں گے۔

Mullah Abdul Ghani Baradar
دوحہ میں امریکا سے مذاکرات کرنے والے ملا عبد الغنی برادر کو موجودہ طالبان قیادت میں بہت وقعت حاصل ہےتصویر: Alexander Zemlianichenko/REUTERS

کابل کی صورت حال

مبصرین کے مطابق عام معافی کا اعلان افغانستان میں پھیلی افراتفری کے تناظر میں ہے۔ اس وقت افغان دارالحکومت کابل میں کسی قسم کی جھڑپوں کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ عام لوگ میں خوف و ہراس پیدا ہے۔ کابل پر قبضے کے دوران طالبان نے جیلوں کے دروازے کھول دیے تھے اور اسلحہ خانوں کو بھی لوٹ لیا تھا۔

افغانستان کے معاملے پر بھارت شش و پنج میں مبتلا

کابل کے قدرے درمانی اور بزرگ شہریوں کو طالبان کے سابقہ دور میں دی جانے والی سزاؤں کا احوال یاد ہے۔اس دور میں حکمران طالبان نے شرعی سزاؤں کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا، ان میں کھلے عام موت کی سزا پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ ہاتھ کاٹنے کی سزائیں بھی شامل تھیں۔ طالبان کا سابقہ دور گیارہ ستمبر سن 2001 کو ختم ہوا تھا جب امریکا نے اپنی فوجیں افغانستان میں داخل کر دی تھیں۔

ع ح/ع ا (اے پی، اے ایف پی)