1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں ہیلی کاپٹر کی تباہی، نیٹو کے نو فوجی ہلاک

21 ستمبر 2010

افغان دارالحکومت کابل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہندوکش کی اس ریاست کے جنوب میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی قیادت میں فرائض انجام دینے والی بین الاقوامی حفاظتی فوج آئی سیف کے ایک ہیلی کاپٹر میں آج نو فوجی ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/PI2X
افغانستان میں آئی سیف دستوں کے کئی گشتی یونٹ آج تک بم حملوں کا نشانہ بھی بن چکے ہیںتصویر: AP

ISAF کے ذرائع نے کابل میں بتایا کہ اس حادثے میں نیٹو اور افغان نیشنل آرمی کے ایک ایک فوجی کے علاوہ ایک امریکی شہری بھی زخمی ہو گیا۔ نیٹو کی فوجی قیادت نے اس ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قومیتیں نہیں بتائیں۔

ISAF Soldaten der Bundeswehr Afghanistan
بین الاقوامی حفاظتی دستوں میں وفاقی جرمن فوج کے ارکان بھی شامل ہیںتصویر: AP

امکان ہے کہ یہ غیر ملکی فوجی امریکہ، برطانیہ یا کینیڈا کے فوجی مشنوں کا حصہ تھے کیونکہ جنوبی افغانستان کے طالبان عسکریت پسندوں کی طاقت کا مرکز سمجھے جانے والے علاقے میں زیادہ تر امریکی، برطانوی اور کینیڈین جنگی دستے ہی متعین ہیں۔

آئی سیف کے ذرائع نے اس حادثے کے حوالے سے بتایا کہ فوری طور پر یہ اطلاع نہیں ملی کہ اس علاقے میں طالبان باغیوں کی طرف سے آئی سیف کے فوجی ہیلی کاپٹر پر کوئی فائرنگ کی گئی تھی۔ رپورٹوں کے مطابق اس کریش کی اصل وجوہات کے تعین کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

جنگی ہیلی کاپٹر کی تباہی کا یہ واقعہ افغانستان میں 2010 کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار کی نفری والی بین الاقوامی حفاطتی فوج ISAF کو پیش آنے والے سب سے ہلاکت خیز واقعات میں سے ایک ہے۔

افغانستان میں جاری جنگ کے دوران صرف سال رواں کے دوران اب تک آئی سیف کے کُل 500 سے زائد فوجی مارے جا چکے ہیں۔ یوں آئی سیف دستوں کے لئے یہ سال ان کے افغان مشن کے دوران آج تک کے سب سے خونریز برسوں میں سے ایک ثابت ہوا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید