الجزائر کا فوجی جہاز تباہ، ہلاکتیں 257 ہو گئیں
11 اپریل 2018یہ طیارہ ملکی دارالحکومت الجزائر سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ دارالحکومت کے نواح میں واقع بو فارک نامی فوجی بیس سے ملک کے جنوب مغربی شہر بشار کی جانب روانہ تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے الجزائر کے مقامی میڈیا پر دکھائی جانے والی فوٹیج کے حوالے سےبتایا ہے کہ یہ طیارہ ایک موٹر وے کے قریب گر کر تباہ ہوا اور اس مقام سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ اس کے مقام قریب سکیورٹی حکام اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جمع ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے الجزائر کی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابھی تک جہاز کی تباہی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
الجزائر کی سول ایوی ایشن کے ترجمان محمد عاشور نے قبل ازیں ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، ’’ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ابھی تک ہم ہلاکتوں کی اصل تعداد کے بارے میں نہیں بتا سکتے۔‘‘
الجزائر کی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے 247 مسافر اور عملے کے 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ تاہم اس بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس حادثے میں کوئی شخص زندہ بھی بچا ہے یا نہیں۔