امريکی خاتول اول کا رحم دلی، شفقت و مثبت رويہ اپنانے پر زور
25 جون 2018امريکی خاتون اول میلانيا ٹرمپ نے کہا ہے کہ رحم دلی، شفقت اور مثبت رويہ رکھنا زندگی کے اہم پہلو ہيں۔ انہوں نے يہ بات طلباء کے ايک امريکی گروپ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر دارالحکومت واشنگٹن ميں اتوار چوبيس جون کے روز کہی۔ طلباء کا گروپ SADD تباہ کن فيصلوں سے بچنے کی تائيد کرتا ہے۔ اس موقع پر میلانيا ٹرمپ نے اجتماع سے اپنے خطاب ميں کہا، ’’ميرا يہ ماننا ہے کہ آپ کو زندگی کے تمام شعبوں ميں آگے بڑھنے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ليے جو اشیاء درکار ہيں، آپ کو وہ فراہم کرنا بالغ افراد کی ذمہ داری ہے۔‘‘ خاتون اول کے بقول وہ طلباء کو اس ضمن ميں زندگی کے خطرات و مشکلات سے نمٹنے ميں SADD نامی اس گروپ کے مشن پر يقين رکھتی ہيں۔
خاتون اول نے گزشتہ ہفتے امريکا اور ميکسيکو کے بارڈر کا دورہ کيا تھا۔ اس دورے پر وہ امريکی صدر اور اپنے خاوند ڈونلڈ ٹرمپ کی غير قانونی تارکين وطن سے ان کے بچے عليحدہ حراست ميں رکھنے کی متنازعہ پاليسی کے اثرات کا جائزہ لينے گئی تھيں۔ علاوہ ازيں حال ہی ميں انہوں نے ’Be Best‘ نامی ايک مہم کا افتتاح بھی کيا جس کا مقصد ہے کہ بالغ افراد کس طرح بچوں کی مدد کر سکتے ہيں کہ وہ زندگی ميں مثبت انداز ميں آگے بڑھيں۔
واشنگٹن کے مضافات ميں واقع ايک ہوٹل ميں تقريباً ساڑھے چار سو طلباء کے اجتماع سے اپنے خطاب ميں میلانيا ٹرمپ نے کہا کہ کسی کو کوئی مثبت بات کہنا، خاموش رہنے کے مقابلے ميں کہيں زيادہ مشکل کام ہے۔ انہوں نے مزيد کہا، ’’کسی کے بارے ميں جانے بغير فيصلہ کر لينا، اس شخص کو جاننے پہچاننے سے کہيں زيادہ آسان ہے اور اسی طرح يہ ديکھنا کہ گلاس آدھا خالی ہے آسان ہے بہ نسبت اس کہ، کہ يہ ديکھا جائے کہ گلاس آدھا بھرا ہوا ہے۔‘‘
SADD کا قيام سن 1981 ميں عمل میں لایا گیا تھا۔ ابتداء ميں يہ گروپ نشے کی حالت ميں گاڑی چلانے سے گريز کرنے کی وکالت اور اس سے منسلک خطرات سے آگاہ کرنے کے ليے بنايا گيا تھا تاہم سن 1990 کی دہائی میں اس کا دائرہ کار وسيع کر ديا گيا۔
ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں