1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں ایک بار پھر مہلک شوٹنگ: تین افراد ہلاک، چار زخمی

5 جنوری 2019

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں لاس اینجلس کے نواح میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک تازہ واقعے میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ ہلاکت خیز شوٹنگ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ایک باؤلنگ کلب میں کی گئی۔

https://p.dw.com/p/3B4Iw
تصویر: picture-alliance/abaca/Z. Bzdak

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاس اینجلس شہر کے وسطی حصے سے قریب 20 میل (32 کلومیٹر) جنوب مشرق کی طرف ساؤتھ بے کے علاقے میں ٹورنس نامی ساحلی شہر میں پیش آیا۔

ٹورنس پولیس کے اہلکار رونلڈ ہیرس نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ شوٹنگ جمعہ چار جنوری کی رات نصف شب سے صرف چھ منٹ قبل شہر کے ’گیبل ہاؤس باؤل‘ نامی باؤلنگ کلب میں کی گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔

اس حملے کا نشانہ بننے والے تمام  ساتوں افراد مرد بتائے گئے ہیں، جن میں سے تین تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ چند عینی شاہدین نے امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کو بتایا کہ شوٹنگ سے قبل اس گیمنگ کلب میں موجود افراد کے مابین لڑائی بھی ہوئی تھی۔

اس خونریز واقعے کے بعد ٹورنس پولیس نے فوری طور پر ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مقامی آبادی کو مشورہ دیا کہ لوگ احتیاطاﹰ اپنے گھروں میں ہی رہیں اور حالات بہتر ہو جانے تک باہر نہ نکلیں۔

Schusswaffen
امریکا میں کئی حلقے آتشیں ہتھیاروں پر پابندی کا مطالبہ تو کرتے ہیں لیکن وہاں گن کنٹرول کے خلاف لابی بہت مضبوط ہےتصویر: picture-alliance/dpa/L.W. Smith

پولیس کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ ان ہلاکتوں کا ذمے دار کوئی ایک مشتبہ ملزم ہے یا یہ کارروائی ایک سے زائد ملزمان نے کی۔ ٹورنس پولیس کے ایک بیان کے مطابق، ’’ابتدائی معلومات اور تفتیش کی روشنی میں مفرور ملزم یا ملزمان کا پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘ اے ایف پی نے لکھا ہے کہ ’گیبل ہاؤس باؤل‘ ٹورنس کا ایک ایسا معروف گیمنگ کمپلیکس ہے، جہاں باؤلنگ اور گیمنگ کے شوقین افراد ہر روز بڑی تعداد میں جاتے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق سال نو کے آغاز پر ابھی تک 2018ء کے سالانہ اعداد و شمار تو سامنے نہیں آئے لیکن سال 2017ء میں امریکا میں آتشیں ہتھیاروں کی غیر قانونی استعمال کے باعث مجموعی طور پر قریب 40 ہزار انسان ہلاک ہوئے تھے۔

ان میں وہ ہلاک شدگان بھی شامل ہیں، جو آتشیں ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کے واقعات میں مارے گئے تھے اور ایسے امریکی بھی جنہوں نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

م م / ع ح / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں