1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں مظاہرين کے ساتھ ساتھ ميڈیا بھی زیر عتاب

2 جون 2020

امریکا میں میڈیا پر تشدد، نفرت اور طنز اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کس طرح آزادی صحافت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیا مخالف حکمت عملی کی دیگر مغربی جمہوری ریاستوں میں بھی تقلید کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3d8lz
تصویر: Getty Images/E. Nouvelage

جمہوریت خطرے میں ہے، اور یہ کوئی پوشیدہ خطرہ نہیں ہے: پوری دنیا میں آزادی صحافت پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ آمرانہ حکومتوں کے برعکس مغربی جمہوری ریاستيں گرچہ شاذ و نادر ہی اس طرح کے کاموں ميں اپنے ہاتھ گندے کرتی ہیں لیکن اس وقت مغربی جمہوری ریاستيں بھی اس صف ميں شامل ہیں۔

امریکا اور برازیل میں ریاست کی طرف سے گرچہ زباں بندی اور سنسرشپ کے واضح احکامات نہيں ہيں۔ اس کے بجائے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر جيئر بولسونارو جعلی خبروں کو پھیلاتے ہوئے اور میڈیا سے دشمنی پیدا کرنے والی بیان بازی کو بروئے کار لا کر سماجی تقسیم اور تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔

میڈیا بطور دشمن

بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی جرمن شاخ کے ڈائریکٹر کرسٹیان میہر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''ٹرمپ مسلسل میڈیا کی تصویر ایک خوفناک دشمن کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں میں ہم نے امريکا ميں صحافیوں پر مجموعی طور پر 68 حملے ریکارڈ کیے ہیں۔‘‘

USA Minneapolis Polizei nimmt CNN Reporter fest
تصویر: Reuters/CNN

اگر اس تعداد ميں آن لائن پلیٹ فارم 'یو ایس پریس فریڈم ٹریکر‘ پر دستاویزی شکل ميں موجود پریس کے نمائندوں پر ہونے والے 26 دیگر حملوں کو بھی شامل کر لیا جائے، تو رواں سال کے آغاز سے اب تک صرف امریکا میں ہی اس طرح کے تشدد کے 94 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

کرسٹیان میہر نے کہا کہ وہ امریکا ميں اس رجحان کو تیزی سے بڑھتا ہوا ديکھ رہے ہیں۔ ان کے بقول، ''میڈیا کو قیاس آرائیوں پر مبنی 'نظام‘ کا ایک حصہ سمجھا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ''اس خیال کی ٹرمپ اور بولسونارو جیسے عوامیت پسند صدور نے جان بوجھ کر حوصلہ افزائی کی ہے۔ یہ دونوں رہنما یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ اس 'نظام‘ کو روک سکتے ہیں اور اس کے باوجود حکومت کر سکتے ہیں۔‘‘

امريکا میں فسادات کا ٹرمپ کو فائدہ

کرسٹیان میہر کو تشویش ہے کہ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کو فروغ دینے کے لیے فسادات کے خوف سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ امریکی صدر اور سرکردہ ریپبلکن سیاستدان پولیس تشدد کی مذمت میں بہت محتاط ہیں۔ انہوں نے کہا، ''یہ  انتہائی مذموم رویہ ہے، لیکن بہت مختصر مدت میں ٹرمپ تشدد کا خیرمقدم کر سکتے ہيں۔‘‘

کونسل آف یورپ کی تنبیہ

یورپ میں بھی صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز پر حملے بڑھ رہے ہیں۔ تحفظ صحافت کے فروغ کے لیے کونسل آف یورپ کے ایک بہت سرگرم پلیٹ فارم کی 2020ء کی رپورٹ کے مطابق اس کونسل کے 47 رکن ممالک میں سے 25 میں صحافیوں پر مجموعی طور پر 142 سنگین حملے کیے گئے۔

اپنے 2020ء کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں آر ایس ایف نے بلغاریہ، رومانیہ، ہنگری، پولینڈ، یونان، کروشیا، مالٹا اور برطانیہ میں میڈیا کے لیے  بڑھتے ہوئے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکام باقاعدگی سے پریس کی آزادی پر پابندی عائد کرتے ہیں  اور اکثر اس کا جواز قومی سلامتی کو بناتے ہیں۔ 2018ء میں انسانی حقوق کی یورپی عدالت نے صحافیوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کو آزادی رائے اور آزادی صحافت کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

آسٹرڈ پرانگے (ک م / م م)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں