1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں پیدائش پر ملکی شہریت کا حق ختم کر دوں گا، ٹرمپ

30 اکتوبر 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملکی آئین میں دی گئی اس گارنٹی کو ختم کر دیں گے جس کے تحت امریکی سرزمین کے کسی بھی حصے میں پیدا ہونے والے کسی بھی بچے کو ملکی شہریت دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/37OcL
USA Präsident Donald Trump
تصویر: Getty Images/A. Wong

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات وسط مدتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل کہی ہے، جس کا مقصد بظاہر تارکین وطن کے خلاف اپنے بیانیے کو ہوا دے کر ملکی ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنا ہے۔

USA Präsident Trump zu der Opioidkrise
ٹرمپ نے اس نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کا ایک دستخط ایسا کرنے کے لیے کافی ہے۔تصویر: picture-alliance/abaca/O. Douliery

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یہ حیران کن اعلان امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کے ساتھ ایک انٹرویو میں کیا گیا۔ یہ بیان آج منگل 30 اکتوبر کو ہی پانچ ہزار امریکی فوجیوں کو میکسیکو کے ساتھ سرحد پر بھیجنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ان فوجیوں کو سرحد پر بھیجنے کا مقصد ٹرمپ کے بقول میکسیکو سے تارکین وطن کی امریکا پر ’چڑھائی یا حملے‘ کو روکنا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق پیدائش پر امریکی شہریت کے حق کو ختم کرنے کی بات اس سے بھی زیادہ متنازعہ ہے کیونکہ یہ سوال بہرحال موجود ہے کہ کیا کوئی صدر آئین میں تبدیلی کا حق رکھتا بھی ہے یا نہیں۔

امریکی سرزمین پر پیدا ہونے والے ہر بچے کو امریکی شہریت دیے جانے کا حق آئین کی چودہویں ترمیم میں دیا گیا تھا۔ آئین میں تبدیلی کے لیے کانگرس میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے، جس کا موجودہ انتہائی منقسم اور دو جماعتوں میں تقریباﹰ برابر تقسیم اس قانون ساز ادارے میں سوچنا بھی محال ہے۔

تاہم ٹرمپ نے اس نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کا ایک دستخط ایسا کرنے کے لیے کافی ہے۔ Axios کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’مجھے ہمیشہ بتایا گیا کہ اس کے لیے ایک آئینی ترمیم کی ضرورت ہے۔ مگر پتہ ہے کیا؟ آپ کو اس کی ضرورت نہیں۔‘‘ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا، ’’اب وہ کہہ رہے ہیں کہ میں یہ ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے کر سکتا ہوں۔‘‘

Mittelamerikanische Migranten auf dem Weg in die USA
امریکی فوجیوں کو میکسیکو کی سرحد پر بھیجنے کا مقصد ٹرمپ کے بقول میکسیکو سے تارکین وطن کی امریکا پر ’چڑھائی یا حملے‘ کو روکنا ہے۔تصویر: picture-alliance/dpa/R.Mendez

ٹرمپ کا اس موقع پر نادرست طور پر یہ بھی کہنا تھا کہ صرف امریکا ہی ایسا ملک ہے جو اس طرح سے شہریت دیتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، ’’ہم دنیا میں واحد ایسا ملک ہیں جہاں ایک شخص آتا ہے، بچہ پیدا کرتا ہے اور اس شخص کو لازمی طور پر آئندہ کے 85 برسوں کے لیے امریکی شہریت مل جاتی ہے، تمام تر فوائد کے ساتھ۔ یہ احمقانہ بات ہے، یہ بات احمقانہ ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے۔‘‘

دنیا کے زیادہ تر ممالک میں پیدائش پر شہریت کا حق نہیں دیا جاتا مگر کم از کم دو درجن ایسے ممالک موجود ہیں جو اپنی سرزمین پر کسی بھی بچے کی پیدائش پر اسے اپنی شہریت دے دیتے ہیں۔ ان میں کینیڈا بھی شامل ہے جو ان بچوں کو بھی شہریت دیتا ہے جو غیر قانونی تارکین وطن کے ہاں پیدا ہوتے ہیں۔

ا ب ا / م م (اے ایف پی)