امریکہ: اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پر حملہ، سر میں فریکچر
29 اکتوبر 2022امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے ترجمان ڈریو ہیمل نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ نینسی پیلوسی کے شوہر اس وقت زخمی ہوگئے جب ایک حملہ آور نے کیلفورنیا میں واقع ان کے گھر میں گھس کر ان پر ہتھوڑے سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں ان کی کھوپڑی میں فریکچر ہو گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ82 سالہ پال پیلوسی کی ہسپتال میں سرجری ہوئی ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور نینسلی پیلوسی کی تلاش میں تھا لیکن وہ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں واشنگٹن میں تھیں اور جس وقت حملہ ہوا اس وقت پال گھر میں اکیلے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ نینسی پیلوسی اور ان کے پانچ بچے سان فرانسسکو پہنچ رہے ہیں۔
فیکٹ چیک: نینسی پیلوسی اور ہو شیجن، محبت کی جھوٹی کہانی
سان فرانسسکو کی پولیس کے سربراہ بل اسکاٹ نے بتایا کہ پولیس نے حملہ آور کو پیلوسی کے گھر سے رات ڈھائی بجے حراست میں لے لیا۔ اس وقت پیلوسی خود کو بچانے کے لیے حملہ آور سے مقابلہ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے پال پیلوسی پر ہتھوڑا کھینچ لیا اور اس سے ان پر حملہ کر دیا۔ اور کم از کم ایک بار پال کو ہتھوڑا مارا گیا۔"
حملہ آور کی شناخت 42 سالہ ڈیوڈ ڈیپاپے کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے حوالے سے مزید کچھ بتانے سے انکار کر دیا۔
خیال رہے کہ مئی میں پال پیلوسی کو شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے ایک حادثے کا قصوروار قرار دیا گیا تھا اور انہیں پانچ دن جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔
صدر جو بائیڈن کا ردعمل
جب صدر جو بائیڈن کو اس حملے کی خبر ملی تو وہ اس وقت فلیڈیلفیا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس حملے کو قابل نفرت قرار دیا اور کہا کہ امریکہ میں سیاسی تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا،"ہر چیز کی ایک انتہا ہوتی ہے۔"
وائٹ ہاوس نے بتایا کہ صدرنے نینسی پیلوسی سے فون پر بات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کے شوہر کے لیے دعاگو ہیں۔
بائیڈن کی پریس سکریٹری نے ایک بیان میں کہا، "وہ خوش ہیں کہ پال مکمل طور پر صحت یاب ہو رہے ہیں، صدر ہر طرح کے تشد د کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پیلوسی خاندان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔ "
امریکی سیاست دانوں کو دھمکیوں میں اضافہ
ایک سرکاری عہدیدار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور نے سوشل میڈیا پر انتہائی دائیں بازو کی سیاست کی حمایت میں پوسٹس شیئر کی تھیں، جن میں کورونا وبا کے متعلق سازشی نظریات بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات میں اب دو ہفتے سے بھی کم رہ گئے ہیں اور دونوں جماعتوں کے اراکین نے سیاسی تشدد کے خدشات کے حوالے سے خبر دار کیا ہے۔
امریکہ: فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد ہلاک
واشنگٹن میں کیپٹل ہل پولیس کے مطابق قانون سازوں کے خلاف دھمکیاں سن2017 کے مقابلے میں دو گنی سے بھی زیادہ ہو کر سن 2021 میں تقریباً 10000 ہو گئی تھیں۔ بعض افراد کا خیال ہے کہ یہ حملہ سیاسی بیان بازی میں اضافے کا نتیجہ ہے۔
ج ا/ ص ز (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)