1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں روسی جاسوس: سرد جنگ کی بازگشت

30 جون 2010

امریکہ اور روس اُس ہنگامہ خیز سکینڈل سے پیدا ہونے والے بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو امریکہ میں روس کے لئے مبینہ جاسوسی کے الزام میں گیارہ افراد کی گرفتاری سے پیدا ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/O6Ya
FBI کے مصروفِ تقتیش افسرانتصویر: ap

وائٹ ہاؤس نے اِن گرفتاریوں کے بعد ماسکو حکومت کو واضح انداز میں ہدفِ تنقید بنانے سے گریز کیا ہے تو روسی وزیر اعظم ولادی میر پوٹین نے بھی جذباتی بیان بازی کی بجائے یہ اُمید ظاہر کی ہے کہ دو طرفہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ روس کے ایک دورے پر گئے ہوئے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے ساتھ ایک ملاقات کے موقع پر پوٹین نے کہا:’’مجھے اُمید ہے کہ ان واقعات سے وہ مثبت پیش رفت متاثر نہیں ہو گی، جو ہمارے باہمی تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دیکھنے میں آئی ہے۔‘‘ ایک معروف روسی اخبار نے تو اپنی ایک رپورٹ میں یہ تک کہا ہے کہ کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے کی غرض سے روسی حکام کو خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

BdT Obama in Russland mit Putin
روس اور امریکہ ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے لئے کوشاں ہیں: پوٹین اور اوباما کے درمیان گزشتہ سال جولائی میں ہونے والی ملاقات کا ایک منظرتصویر: AP

اُدھر واشنگٹن حکومت کی بھی کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ کچھ برسوں سے چلے آ رہے دوستانہ تعلقات پر کوئی آنچ نہ آئے۔ امریکی وزارتِ خارجہ میں اسسٹنٹ سٹیٹ سیکریٹری فلپ گورڈن نے کہا:’’ہماری خواہش ہے کہ روس اور امریکہ کے درمیان اعتماد اور تعاون اِس حد تک پہنچ جائے کہ کسی کو معاملات کی ٹوہ لینے کے لئے خفیہ اداروں کو استعمال کرنے کا خیال بھی نہ آئے۔ ہم غالباً ابھی اِس مرحلے تک نہیں پہنچ پائے۔‘‘

اِن مبینہ جاسوسوں کی گرفتاری کے لئے جس وقت کا انتخاب کیا گیا ہے، اُس پر امریکی صدر باراک اوباما ہرگز خوش نہیں ہیں۔ ابھی چند ہی روز پہلے تو اُنہوں نے روسی صدر دمتری میدویدیف کے ساتھ ملاقات کی تھی اور دیگر باتوں کے علاوہ یہ بھی طے کیا تھا کہ آئندہ امریکی اور روسی خفیہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ قریبی اشتراکِ عمل کریں گے۔ تاہم امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے اِن افراد کو گرفتار کرنے کے اقدام کا یہ کہہ کر دفاع کیا ہے کہ اِن افراد کے ملک سے فرار ہونے کا فوری خطرہ تھا۔

Diverse russische Zeitungen, Foto: Yuliya Siatkova 2007 Presse Presseschau Russland Titelseite
روسی اخبارات نے مبینہ روسی جاسوسوں کے اس سکینڈل کو انتہائی ناقابلِ یقین اور بے حد غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ہدفِ تنقید بنایا ہےتصویر: DW/Yuliya Siatkova

ادھر روسی میڈیا اور پریس نے اِس سکینڈل کے حوالے سے امریکی دعووں کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔ روزنامہ ’کومرسانٹ‘ نے لکھا ہے کہ امریکہ میں روسی جاسوسی سکینڈل انتہائی ’’ناقابلِ یقین‘‘ اور ’’بےحد غیر ضروری‘‘ معلوم ہوتا ہے۔ دیگر روسی اخبارات کا کہنا ہے کہ اِس سکینڈل کا اصل ہدف امریکی صدر باراک اوباما ہیں، جو برسوں کے خراب تعلقات کے بعد ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کی بحالی اور مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ماسکو حکومت سے قریبی وابستگی کی شہرت رکھنے والے کثیرالاشاعت اخبار ’موسکووسکی کومسومولیٹس‘ نے لکھا ہے:’’یہ قیاس آرائی زیادہ منطقی معلوم ہوتی ہے کہ اِس ساری کہانی کا ہدف اوباما ہیں، جنہیں امریکہ میں بہت سے لوگ ناپسند کرتے ہیں۔‘‘ اس اخبار کے مطابق ’اِس سکینڈل میں انٹیلی جنس کم ہے، سیاست زیادہ ہے۔‘

رپورٹ: امجد علی

ادارت: گوہر نذیر گیلانی