1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں فائرنگ: چھ ہلاک، رکنِ کانگریس زخمی

9 جنوری 2011

امریکی کانگریس کی ایک خاتون رکن سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی ہیں۔ ریاست ایریزونا کے شہر ٹوسون میں ایک مسلح شخص کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک وفاقی جج سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/zvIf
رکن کانگریس گبریل گیفورڈزتصویر: AP

علاقائی پولیس سربراہ رِچ کیسٹیگر نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ڈیموکریٹک جماعت سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ خاتون رکن کانگریس گبریل گیفورڈز ٹوسون کے ایک شاپنگ سینٹر میں مقامی لوگوں سے ملاقات کررہی تھیں، جب ایک شخص نے وہاں فائرنگ کردی۔

ہلاک شدگان میں ایک وفاقی جج جان رول کے علاوہ ایک نو سالہ بچی بھی شامل ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد زخمی بھی ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق گبریل گیفورڈز کی حالت تشویشناک ہے۔ گیفورڈز کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر کے مطابق ایک گولی ان کے سر کے آرپار ہوگئی تھی، تاہم آپریشن کے بعد ان کی زندگی کی امید بڑھ گئی ہے۔ اسی ہسپتال میں 10 لوگوں کو طبی امداد کے لیے لایا گیا، جن میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

Barack Obama / USA
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: AP

فائرنگ کرنے والا 22 سالہ شخص پولیس کی حراست میں ہے۔ اے بی سی ٹیلی وژن نے حملہ آور کا نام جیرڈ لی لوغنر بتایا ہے۔ ٹیل وژن کے مطابق اس شخص نے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یو ٹیوب پر کافی تعداد میں حکومت مخالف جذبات پر مبنی ویڈیوزاپ لوڈ کررکھی ہیں۔

امریکی صدر باراک اوباما نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک المیے سے بھی بڑا واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’یہ ایریزونا کے لیے دکھ ایک گھڑی ہے اور ہمارے پورے ملک کے لیے ایک المیہ ہے۔‘

باراک اوباما کے مطابق وفاقی حکومت اس واقعے کی تحقیقات کے لیے بھرپور تعاون کرے گی اور امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ موئلر ٹوسون پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں