1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہامریکہ

امریکہ: دوسرے روز بھی فائرنگ کے واقعات اور ہلاکتیں

16 مئی 2022

لاس اینجلس میں ایک چرچ کے قریب بندوق بردار نے ایک شخص کو ہلاک کردیا جبکہ ٹیکساس میں ایک بازار میں دو افراد گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ ایک روز قبل ہی نیویارک میں 'نسل پرستانہ حملے' میں کم از کم 10 افراد مارے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/4BLSp
USA I Symbolbild Sicherheitskräfte
تصویر: Oliver Douliery/AFP/Getty Images

امریکہ میں اتوار کے روز دو مختلف شہروں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے یہ واقعات ایک روز قبل ہی نیویارک کے بفلو میں ایک سپر مارکیٹ میں "نفرت آمیز "اور "نسلی تعصب کی بنیاد پر" ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد پیش آئے ہیں جس میں کم از کم 10افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

لاس اینجلس میں فائرنگ

سرکاری حکام نے بتایا کہ لاس اینجلس کے لاگونا ووڈز میں اتوار کے روز ایک چرچ کے قریب مارننگ سروس کے بعد ضیافت کے دوران ایک بندوق بردار نے فائرنگ شروع کردی۔ اس واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوگیاجبکہ پانچ دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ ان میں تین کی حالت نازک ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بندوق بردار ایشیائی نژاد لگتا ہے اوراس کی عمر 60 برس کے قریب ہے۔ چرچ جانے والوں نے اس کو پکڑ لیا اور اس کے پاوں باندھ دیے۔ اس کے پاس سے کم از کم دو ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا اداروں نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے بیشتر ایشیائی اور تائیوانی نژاد ہیں۔

اورینج کاونٹی کے انڈر شیریف جیف ہیلوک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،"چرچ جانے والوں نے غیر معمولی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بلاشبہ بہت سے لوگوں کو زخمی اور ہلاک ہونے سے بچالیا۔"

حکام نے بتایا کہ حملے کے پیچھے وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

USA 15-Jähriger erschießt an Schule in US-Bundesstaat Michigan drei Mitschüler
تصویر: Todd McInturf/AP Photo/picture alliance

ٹیکساس میں حملہ

ٹیکساس میں شیریف کے دفتر نے بتایا کہ اتوار کے روز ایک مارکیٹ میں ہونے والی فائرنگ کے دوران کم از کم دو افراد کی جائے واقعہ پر ہی موت ہوگئی۔

ہیرس کاونٹی کے شیریف ایڈ گونزالیز نے بتایا،"فائرنگ کا یہ واقعہ غالباً دو فریقین کے درمیان تکرار کے نتیجے میں پیش آیا۔ باہمی تکرار نے تشدد کی صورت اختیار کرلی۔ میری معلومات کی حد تک اب تک دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اور کم از کم تین دیگر افراد کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے، ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد وہ لوگ ہیں جن کے درمیان تکرار ہوئی تھی۔ کسی راہگیر یا دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جائے واردات سے دو پستول برآمد ہوئے ہیں۔

USA Schüsse in Lebensmittelgeschäft in Buffalo
تصویر: Joshua Bessex/AP/dpa/picture alliance

نسلی تعصب کی بنیاد پر حملہ

خیال رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز نیویارک کے دوسرے بڑے شہر بفلو میں ایک سپر مارکیٹ میں ایک 18سالہ نوجوان نے فائرنگ کرکے کم از 10افراد کو ہلا ک کردیا تھا۔ اس نے فائرنگ کے اس پورے واقعے کو براہ راست نشربھی کیا تھا۔

امریکی حکام نے اس حملے کو 'نفرت آمیز جرم‘ اور ’نسلی تعصب کی بنیاد پر شدت پسندی‘ کا واقعہ قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق ایک سفید فام شخص نے بھاری اسلحے کے ساتھ سپر مارکیٹ میں داخل ہوکر اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔

صدر جو بائیڈن نے کہا کہ تفتیش کار گوکہ فائرنگ کے محرکات پر غور کر رہے ہیں لیکن ”ہمیں سچائی بیان کرنے کے لیے واضح طور پر کسی اور چیز کی ضرورت نہیں۔ نسلی تعصب کی بنیاد پر کیا گیا نفرت آمیز جرم اس قوم کی ساخت کے لیے سخت ناگوار ہے۔"

 ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید