1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

اسرائیل کو امریکہ کا زمینی کارروائی میں انتظار کا مشورہ

23 اکتوبر 2023

امریکہ نے اسرائیل کو دہشت گرد تنظیم حماس کے خلاف غزہ پٹی میں زمینی کارروائی شروع کرنے میں انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ امریکی حکومت کو امید ہے کہ حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں مزید وقت ملے گا۔

https://p.dw.com/p/4Xumj
Ägypten Grenzübergang Rafah | Hilfgüter Werden in den Gazastreifen gebracht
تصویر: Ahmed Gomaa/Xinhua/IMAGO

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے واشنگٹن انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی حکومت کو امید ہے کہ غزہ میں حماس کے زیر حراست 200 سے زائد یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات میں مزید وقت لگے گا۔ اس سبب امریکہ نے اسرائیل کو حماس کے خلاف غزہ میں زمینی کارروائی میں تاخیر کا مشورہ دیا ہے۔

امدادی قافلے غزہ میں داخل

اُدھر مصری ہلال احمر کے ايک اہلکار کے مطابق  رفح سرحدی گزرگاہ سے تیسرا امدادی قافلہ غزہ پٹی میں داخل ہو گیا ہے۔  مصری ہلال احمر کے سربراہ خالد زید نے ڈی پی اے کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ پیر کو قریب چالیس امدادی ٹرک  غزہ پہنچے ہیں۔

غزہ کے ہسپتال پر حملہ، پانچ سو ہلاکتیں

 قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے اتحادی ممالک اور حکومت کے سربراہان سےاسرائیل  اور دہشت گرد تنظیم حماس کے درمیان جنگ کے بارے میں بات کی۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ بائیڈن نے جرمن چانسلر اولاف شولس، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک، اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے فون پر بات چیت کی۔ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ اتحادیوں نے اسرائیل کے لیے اپنی حمایت اور دہشت گردی کے خلاف اسرائیل کو اپنے دفاع کے حق کا اعادہ کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے شہری آبادی کے تحفظ سمیت بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری پر بھی زور دیا۔

Ägypten | Flughafen El Arish | Ankunft Antonio Guterres
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنٹونیو گوٹیریش کا رفح کراسنگ کے دورے پرتصویر: Gehad Hamdy/dpa/picture alliance

رفح بارڈر کراسنگ

اطلاعات کے مطابق  12  اکتوبر سے اب تک کم از کم 27 امدادی طیارے شمالی سینائی کے العریش ہوائی اڈے پر اترے ہیں۔ ان طیاروں میں اردن سمیت کئی ممالک، جن میں متحدہ عرب امارات، روس، ترکی اور برازیل کے ساتھ ساتھ یوں این ایجنسیز کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان موجود ہے۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی دفاعی افواج کے جوابی حملے

غزہ کی حماس کے زیرانتظام وزارت صحت نے پیر کو کہا کہ قریب دو ہفتوں سے جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں 5000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک ایسے دن جب اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں کے اندر 300 سے زائد نئے حملوں کی اطلاع دی، غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے، جن میں سے دو ہزار سے زیادہ بچے ہیں۔ اے ایف پی تاہم آزادانہ طور پر ان اعداد و شما کی  تصدیق نہیں کر سکی ہے۔ اسرائیلی فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس  کے اہداف میں حماس کے دہشت گردوں کی جانب سے بنائی گئی سرنگیں، درجنوں آپریشنل کمانڈ سینٹرز کے ساتھ ساتھ  حماس کے فوجی کمپاؤنڈز اور  نگرانی کے لیے استعمال کی جانے والی وہ  چوکیوں بھی شامل ہیں، جو ایک اور عسکریت پسند گروپ اسلامی جہاد کے زیر استعمال ہے۔

Nahostkonflikt - Israelische Luftangriffe
ہفتے کی رات اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والے ایک مکان کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا رہا ہےتصویر: Abed Khaled/AP Photo/picture alliance

غزہ پر اسرائیلی حملے جاری

اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر کو غزہ بھر میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق یہ حملے  بشمول ان  علاقے پر بھی ہوئے جہاں فلسطینی شہریوں کو پناہ لینے کے لیے کہا گیا تھا۔  اسرائیل نے ابھی تک تاہم غزہ پٹی تک ایندھن کی ترسیل کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس علاقے میں دو ہفتوں سے بجلی منقطع ہے۔ ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ زندگی بچانے کے لیے ضروری طبی آلات کو بروئے کار لانے کے لیے انہیں ایندھن کی شدید ضرورت ہے۔ خاص طور سے نومولود اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے لیے انکیوبیٹرز اور دیگر آلات کا استعمال بغیر بجلی کے بغیر ممکن نہیں۔ دریں اثناءاسرائیل کی طرف سے غزہ میں زمینی کارروائی جلد شروع کی جا سکتی ہے۔

ک م/ع ت(اے پی، روئٹرز)