1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ نے روس کو ہتھیار دینے پر شمالی کوریا کو خبردار کیا

6 ستمبر 2023

ایک امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کی فراہمی سے متعلق مذاکرات 'فعال طورپر آگے بڑھ رہے ہیں'۔ واشنگٹن نے پیونگ یانگ کو ماسکو کے ساتھ ہتھیاروں کے کسی بھی طرح معاہدے کے خلاف خبردار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4VzkJ
امریکہ نے گزشتہ سال شمالی کوریا پر روس کو خفیہ طورپر توپ خانے کے گولے بھیجنے کا الزام لگایا تھا
امریکہ نے گزشتہ سال شمالی کوریا پر روس کو خفیہ طورپر توپ خانے کے گولے بھیجنے کا الزام لگایا تھاتصویر: Ercin Erturk/AA/Picture Alliance

وائٹ ہاوس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا کہ اگر شمالی کوریا نے روس کو یوکرین کی جنگ میں استعمال کے لیے ہتھیار فروخت کیے تو اسے اس کی "قیمت" ادا کرنا پڑے گی۔ واشنگٹن نے یہ وارننگ ان خبروں کے درمیان دی کہ پیونگ یانگ اور ماسکو ہتھیاروں کے سلسلے میں مذاکرات فعال طورپر آگے بڑھ رہے ہیں۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے منگل کے روز کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ شمالی کوریا اور روس کے درمیان مذاکرات" فعال طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔"

کم جونگ ان اور پوٹن کے درمیان روس میں ملاقات عنقریب

سلیوان نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،" ایسے وقت میں جب موسم سرما کی آمد ہے، شمالی کوریا کی طرف سے روس کو ہتھیارفراہم کرنا تاکہ وہ انہیں جنگ کے دوران اناج جمع کرنے کے گوداموں اور بڑے شہروں کو گرمی فراہم کرنے والے انفرااسٹرکچر پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کرے اور ان کے ذریعہ ایک جدید خودمختار ملک کے علاقوں کو فتح کرنے کی کوشش کرے، قابل قبول نہیں ہوگا۔ اور شمالی کوریا کو بین الاقوامی برادری میں اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔"

 شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن اس ماہ کے اواخر تک ملاقات کرسکتے ہیں
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن اس ماہ کے اواخر تک ملاقات کرسکتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/A. Nikolskyi

کم جونگ ان اور پوٹن میں ملاقات متوقع

سلیوان کا یہ بیان ایک روز قبل ہی صدر جو بائیڈن انتظامیہ کے ایک دیگر اعلیٰ افسر کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن اس ماہ کے اواخر تک روس میں ملاقات کرسکتے ہیں۔

حالانکہ کریملن نے امریکہ کے ان دعوؤں پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ اس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "دونوں رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کے بارے میں فی الحال کہنے کو کچھ نہیں ہے۔"

حالیہ ہفتوں میں روس اور شمالی کوریا کے درمیان قریبی تعلقات میں اضافہ کے عوامی اشارے بھی ملے ہیں۔

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے جولائی میں شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا اور کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔کم اور پوٹن نے گزشتہ ماہ خطوط کا تبادلہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

'ماسکو واشنگٹن کی پابندیوں سے متاثر'

 منگل کو ہی امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے بھی شمالی کوریا کو روس کو ہتھیاروں فراہم کرنے کے خلاف خبر دار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو کا ہتھیاروں کے لیے پیونگ یانگ کی طرف دیکھنا یوکرین پر روسی حملے کے بعد اس پر امریکہ کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔

شمالی کوریا کا ’عملی اور جارحانہ‘ جنگی حکمت عملی اپنانے کا اعلان

پٹیل نے کہا،"ہمار ی پابندیوں اور برامدات پر کنٹرول اور ان کے اثرات کی وجہ سے روس کو دنیا بھر میں ایسے ہتھیاروں کی تلاش کرنے پر مجبور کردیا گیا ہے جو وہ یوکرین میں اپنی جنگ میں استعمال کرسکتا ہے۔"

پٹیل نے تاہم اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ اگر پیونگ یانگ ماسکو کو ہتھیار فراہم کرتا ہے تو واشنگٹن اس کے خلاف کیا کارروائی کر ے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر "ضروری اور مناسب اقدامات کرے گا۔"

شمالی اور جنوبی کوریا میں تناؤ سے پر 70 برس کی جنگ بندی

امریکہ نے گزشتہ سال شمالی کوریا پر روس کو خفیہ طورپر توپ خانے کے گولے بھیجنے کا الزام لگایا تھا۔ ماسکو او رپیونگ یانگ دونوں نے ہی اس الزام کی تردید کی تھی۔

ج ا/ ص ز (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)