امریکہ کا روس اور چین کے خلاف نئی پابندیوں کا منصوبہ
9 دسمبر 2022خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے وال اسٹریٹ جرنل کے حوالے سے بتایا کہ دو امریکی سینیئر افسران کا کہنا ہے کہ امریکہ جمعے کے روز تقریباً 170 چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرے گا جو واشنگٹن کے بقول بحرالکاہل میں غیر قانونی ماہی گیری کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بیجنگ کی جانب سے سمندری حدود میں اپنا اثرو رسوخ بڑھانے کے مقصد سے ماہی گیری کے بیڑے کو حد سے زیادہ استعمال کرنے کے سبب خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
پابندیاں ہٹنے تک یورپ کو گیس کی ترسیل بحال نہیں کی جائے گی، روس
انہوں نے بتایا کہ یہ پابندیاں گلوبل میگنیٹسکی ایکٹ کے تحت نافذ کی جائیں گی۔ سن 2016 کا یہ قانون امریکی حکومت کو بیرون ملک دنیا بھر میں ان سرکاری افسران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اختیار دیتا ہے جو مبینہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔
ان پابندیوں کے تحت کمپنیوں کے اثاثوں کو منجمد کیا جا سکتا ہے اور ان سے وابستہ افراد کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
ایرانی دفاعی ماہرین روس کی مدد کر رہے ہیں، امریکہ
وائٹ ہاوس کے ترجمان جان کربی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران یوکرین کے خلاف استعمال کرنے کے لیے روس کو فوجی ڈرونز مسلسل فراہم کر رہا ہے۔ امریکہ اس کی مذمت کرتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ان پابندیوں کے تحت روسی دفاعی صنعت سے وابستہ متعدد کمپنیوں کو نشانہ بنایا جائے گا جو ایرانی ڈرونز کی خریداری میں ملوث ہیں۔
ترکی کے خلاف بھی پابندیاں
بائیڈن انتظامیہ نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے انتہائی قریبی معروف تاجر سیتکی ایان اور ان کی کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی وزارت خزانہ نے جمعرات کے روز بتایا کہ سیتکی ایان پر نیز ان کے اور ان کے خاندان کے افراد سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
یوکرینی اجناس کی ڈیل پر پوٹن ایردوآن سے گفتگو کے متمنی
یہ پابندیاں ایرانی تیل کی فروخت پر امریکہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے کے سبب نافذ کی جا رہی ہیں۔ سیتکی ایان اور ان کے خاندان کے افراد کی کمپنیوں نے مبینہ طور پر ایران کے پاسداران انقلاب کو مالی تعاون کے لیے لاکھوں ڈالر کے تیل فروخت کرنے میں مدد کی ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ ایان اور ان کی کمپنیوں نے تیل کی فروخت سے ہونے والی آمدنی سے پاسداران انقلاب کے علاوہ لبنان کی حزب اللہ تحریک کی بھی مدد کی۔ امریکہ نے ان دونوں تنظیموں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔
ج ا/ ص ز (روئٹرز اے پی)