امریکی توجہ غزہ تنازعے کو پھیلنے سے روکنے پر ہے، بلنکن
7 جنوری 2024امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ترکی اور یونان کے دورے کے بعد اتوار کی صبح اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے ہیں۔ سات اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ کے آغاز کے بعد سے مشرق وسطیٰ اور خطے کے دیگر ممالک کا یہ بلنکن کا تازہ ترین اور چوتھا دورہ ہے۔
اردن کے بعد بلنکن قطر کے دارالحکومت دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی بھی جائیں گے۔ واشنگٹن کا مقصد بیروت میں ایک حملے میں حماس کے سینیئر رہنما صالح العروری کی ہلاکت کے بعد تنازعے کو خطے میں ایک وسیع جنگ کو جنم دینے سے روکنا ہے۔ اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ بلنکن نے اردن کے لیے روانگی سے قبل کہا،''ہماری توجہ اس تنازعے کو پھیلنے سے روکنے پر ہے۔‘‘
بلنکن نے کہا، ''خطے کے لوگوں کی اکثریت میں واضح طور پر ایک ایسے مستقبل کی شدید خواہش ہے، جو امن، سلامتی اور تنازعات میں کمی پر مبنی ہو۔‘‘
جنین میں اسرائیلی حملے میں چھ افراد ہلاک، فلسطینی وزارت صحت
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جنین میں ایک اسرائیلی کارروائی میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزارت کی جانب سے اتوار کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا، ''شہریوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی بمباری میں جنین میں چھ افراد مارے گئے۔‘‘ وزارت کے مطابق سات اکتوبر سے مغربی کنارے میں کم از کم 327 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
جرمن وزیر خارجہ اسرائیل کے دورے پر
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک آج اتوار کے روز اسرائیل کا دورہ کریں گی۔ اس دورے کا مقصد اسرائیلی یرغمالیوں اور غزہ میں انسانی صورتحال پر بات چیت کرنا ہے۔ توقع ہے کہ وہ دو ریاستی حل پر بھی گفتگو کریں گی۔
حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 240 افراد میں سے تقریباً 105 کو رہا کر دیا گیا ہے، جن میں 14 جرمن شہری بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں اب بھی 135 یرغمالی موجود ہیں، جن میں متعدد جرمن شہری بھی ہیں۔ حماس کو نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکہ، جرمنی، یورپی یونین اور کئی دیگر ممالک نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔
بئیربوک پیر کے روز فلسطینیوں کے وزیر خارجہ ریاض المالکی سے بھی ملاقات کریں گی۔ المالکی کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے میں حکمران فلسطینی نیشنل اتھارٹی سے ہے۔ اس کے بعد جرمن وزیر خارجہ اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملیں گی اور بعدازاں لبنان جائیں گی۔
ش ر ⁄ ا ا / ع ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے، اے پی)