امریکی جنگلاتی آگ: اوریگن میں ’بڑی تباہی‘
13 ستمبر 2020دوسری طرف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک نے ایسی پوسٹ ہٹا دی ہیں جن میں اس آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی تھیں۔
آگ بھجانے والا عملہ ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب بھی امریکا کے مغربی ساحلی علاقوں میں لگی جنگلاتی آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہا۔ دوسری طرف اس آگ کے سبب ریاست کیلیفورنیا، اوریگن اور واشنگٹن میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 30 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی یہ تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ ابھی تک درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
اوریگن کی ریاستی گورنر کیٹ براؤن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ریاستی ایمرجنسی حکام 'بڑی تعداد میں ہلاکتوں‘ کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
ریاست کیلیفورنیا میں رواں برس کے شروع سے اب تک لگنے والی جنگلاتی آگ کے مختلف واقعات میں 13000 مربع کلومیٹر کا رقبہ جل چکا ہے۔ یہ رقبہ گزشتہ برس لگنے والی آگ کی نسبت 26 گنا بڑا ہے۔
اسی طرح ریاست اوریگن میں 4,000 مربع کلومیٹر اور واشنگٹن میں 2,400 مربع کلومیٹر کے رقبے پر لگے جنگلات اس آگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔
ہزارہا لوگوں کی نقل مکانی
ان تین امریکی ریاستوں میں لگی آگ کے سبب بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ صرف ریاست اوریگن میں 40 ہزار افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے جبکہ کیلیفورنیا میں بھی ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے ہیں۔
آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ اور سیلاب ساتھ ساتھ
دو ہزار سولہ تاریخ کا گرم ترین سال قرار
اس آگ کو بھجانے والے عملے کو یقین ہے کہ اختتام ہفتہ پر بہتر موسمی صورتحال کے سبب انہیں آگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ تاہم کچھ مقامات پر لگی آگ پر جن میں اوریگن کے جنوبی حصے میں لگی آگ بھی شامل ہے، بالکل بھی قابو نہیں پایا جا سکا۔
غلط معلومات پر فیس بُک کا کریک ڈاؤن
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک نے ایسی غلط معلومات پر مبنی پوسٹس ہٹانا شروع کر دی ہیں جن میں ریاست اوریگن میں لگنے والی آگ کو انتہائی دائیں بازو کے گروپوں یا پھر انتہائی بائیں بازو کے گروپوں کی کارروائی قرار دیا جا رہا تھا۔ اس بات کی تصدیق فیس بُک کے ایک ترجمان نے بھی کی ہے۔
اوریگن کے ریاستی حکام اس طرح کی غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش میں ہیں کہ شدت پسند گروپوں نے یہ آگ جانتے بوجھتے لگائی۔
قبل ازیں فیس بُک نے انتباہ جاری کیا تھا کہ غلط معلومات پر مبنی پوسٹس کو ہٹا دیا جائے گا، تاہم اب اس نے یہ سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سال 2020ء کے دوران آگ لگنے کے ان واقعات میں اضافے کی اصل وجہ موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔
ا ب ا / ع ب (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)