1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی خاتون کے ساتھ دہلی میں اجتماعی زیادتی، تحقیقات شروع

6 دسمبر 2016

ایک امریکی سیاح خاتون نے کہا ہے کہ اسے نئی دہلی کے ایک ہوٹل میں اجمتاعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حکام کے مطابق پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ToGt
Gruppenvergewaltigung Proteste Urteil gegen Teenager in Neu Delhi Indien
تصویر: Reuters

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق 30 برس س زائد عمر کی اس امریکی خاتون کو مبینہ طور پر رواں برس اپریل میں نئی دہلی کے مرکزی کاروباری علاقے کناٹ پلیس کے ایک لگژری ہوٹل میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس خاتون کے مطابق اسے پانچ افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا جن میں اس کا گائیڈ بھی شامل تھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون شکایت درج کرائے بغیر اپنے ملک واپس چلی گئی اور اس نے حال میں ایک این جی او کے ذریعے اُن سے رابطہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس سربراہ جَتِن نروال نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہم نے جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان الزامات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ہماری ٹیمیں ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘‘
گزشتہ برس نئی دہلی میں یومیہ چھ خواتین ریپ کا شکار ہوئیں

نروال نے مزید تفصیلات یہ کہتے ہوئے فراہم کرنے سے انکار کر دیا کہ اس سے مقدمے کی تحقیقات متاثر ہو سکتی ہیں۔

مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق امریکی خاتون کا الزام ہے کہ اس کے گائیڈ نے اسے نشہ آور مشروب پلایا اور بعد ازاں اسے ہوٹل کے کمرے میں اپنے چار دیگر ساتھیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بھارت کی خارجہ امور کی وزیر شسما سوراج نے کہا ہے کہ ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اپنے ٹوئیٹس میں سوراج کا کہنا تھا، ’’میں نے امریکا میں تعینات بھارتی سفیر سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاتون سے رابطہ کریں اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ ہم قصور واروں کو نہیں چھوڑیں گے۔‘‘

Gruppenvergewaltigung schockiert Indien
بھارت میں خواتین پر جنسی حملوں کے واقعات اکثر و بیشتر سامنے آتے رہتے ہیںتصویر: dapd

نئی دہلی میں دسمبر 2012ء میں میڈیکل کی ایک طالبہ کو بہیمانہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسی باعث اس طالبہ کی بعد ازاں موت ہو گئی تھی جس کے بعد بھارت میں جنسی زیادتی کے واقعات کے خلاف شدید احتجاج کا سلسلہ بھی شروع ہوا تھا۔ تاہم اس حوالے سے کام کرنے والے انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ لوگوں کے رویوں میں کوئی خاص فرق نہیں پڑا ہے اور خواتین پر جنسی حملوں کے واقعات اکثر و بیشتر سامنے آتے رہتے ہیں۔

رواں برس جولائی میں ایک 25 سالہ اسرائیلی خاتون سیاح کو بھارت کے شمالی علاقے میں مبینہ طور پر ایک چلتی کار میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ برس پانچ افراد کو ڈنمارک کی ایک سیاح خاتون کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر سزا سنائی گئی تھی۔ زیادتی کا یہ واقعہ 2014ء میں نئی دہلی ہی میں پیش آیا تھا۔