امریکی سینیٹ سعودی عرب کی فوجی امداد کے خاتمے کی خواہش مند
14 مارچ 2019ڈیموکریٹک اور ریپبلکن ارکان کی طرف سے مشترکہ طور پر حمایت کردہ ایک قرارداد کے مطابق امریکا اب ریاض حکومت کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کی متنازعہ فوجی حمایت ختم کر دینا چاہتا ہے۔ اس قرارداد کی چون ارکان سینیٹ نے حمایت کی، جن میں سے سات اراکین کا تعلق صدر ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی سے ہے۔ چھیالیس سینیٹرز نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ امریکی ایوان نمائندگان میں اس قرارداد کی منظوری ابھی باقی ہے۔ تاہم سینیٹرز اور ایوان نمائندگان کی منظوری کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس قرارداد کو ویٹو کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
شہریوں کی حفاظت
اس ملک میں گزشتہ چار برسوں سے زائد عرصے سے حوثی باغی بین الاقوامی سطح پر حمایت یافتہ یمنی حکومت کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یمنی حکومت کو سعودی عرب کے عسکری اتحاد کی حمایت بھی حاصل ہے، جو وہاں پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ریاض کی سُنی حکومت حوثی باغیوں کے پیچھے اپنے روایتی حریف ایران کا ہاتھ دیکھتی ہے۔ لیکن سعودی عرب کے عسکری اتحاد پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے فضائی حملوں کے دوران عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی نہیں بناتی۔
امریکا سعودی عسکری اتحاد کو خفیہ معلومات کے ساتھ ساتھ ان ٹھکانوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے، جہاں بعد میں فضائی حملے کیے جاتے ہیں۔ امریکی سینیٹ نے گزشتہ دسمبر میں بھی یمن میں سعودی حکومت کو فوجی امداد فراہم کرنے کی مخالفت کی تھی۔ تاہم اس وقت ایوان نمائندگان کی ووٹنگ سے پہلے ہی اس قرارداد کی مدتِ منظوری ختم ہو گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اب دوسری ایسی قرارداد منظور کی گئی ہے۔
خاشقجی قتل کے اثرات
اس قرارداد کی ایک وجہ سعودی عرب کے ساتھ واشنگٹن انتظامیہ کا متنازعہ رویہ بھی ہے۔ ترکی میں سعودی قونصلیٹ کے اندر صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے صدر ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے متعدد اراکین واشنگٹن انتظامیہ کے طرز عمل سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس قتل میں ملوث ہونے کا الزام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر بھی عائد کیا جاتا ہے جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس معاملے میں سعودی ولی عہد کا کُھل کر ساتھ دیا ہے، جس کی وجہ سے ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی ہی صفوں میں سے تنقید کا سامنا ہے۔
ا ا / ک م (ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)