1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

3 اکتوبر 2020

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ميں کورونا وائرس کی تشخيص کے بعد جمعے کی شب انہيں ایک فوجی ہسپتال منتقل کر ديا گيا ہے۔ امريکی صدر کو کورونا کے علاج کے ليے ايک آزمائشی دوا دی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3jNCE
Bethesda, Maryland | Ankunft Trump Militärkrankenhaus
تصویر: UPI Photo/Imago Images

والٹ ريڈ نامی فوجی ہسپتال منتقلی سے قبل ٹوئٹر پر ٹرمپ کی ايک مختصر ويڈيو جاری کی گئی، جس ميں ان کا کہنا تھا کہ ''انہيں ہسپتال لے جايا جا رہا ہے مگر وہ ٹھيک ہيں اور ان کی علامات ہلکی نوعيت کی ہيں۔‘‘ ٹرمپ نے بتايا کہ ان کی اہليہ ملانيا ٹرمپ کی طبيعت بھی ٹھيک ہے اور ان کی کورونا علامات بھی زیادہ سنجيدہ نہيں۔

امريکی صدر کو کورونا کے علاج کے ليے ايک آزمائشی دوا دی جا رہی ہے۔ نومبر ميں ہونے والے صدارتی انتخابات کے سلسلے ميں ٹرمپ ان دنوں اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے تھے، جو اب معطل ہو گئی ہے۔ امریکا کے صدر ٹرمپ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے دنیا کے سب سے اہم رہنما ہیں۔ وہ کووڈ انیس سے ایسے وقت متاثر ہوئے ہیں، جب ان کے عہدہ صدارت کی دوسری مدت کے لیے انتخابات میں صرف ایک ماہ رہ گیا ہے۔

قبل ازیں وائٹ ہاوس کی سینئر معاون ہوپ ہکس کے کورونا پازیٹیو ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول نے اپنے ٹیسٹ کروائے تھے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ اس صورت حل سے جلد نکل آئیں گے۔ خبر رساں ایجنسی اے پی نے ٹرمپ انتظامیہ کے ایک افسر کے حوالے سے بتایا تھا کہ ہکس نے اس ہفتے ٹرمپ کے ساتھ کافی وقت گزارا تھا۔  وہ سفر کے دوران اور بدھ کے روز ایک انتخابی ریلی میں بھی ٹرمپ کے ساتھ تھیں۔

Bethesda, Maryland | Walter Reed National Military Medical Center
تصویر: Joshua Roberts/Reuters

انہوں نے اس ہفتے مختلف دنوں میں بھی ٹرمپ کے ساتھ سفر کیا۔  وہ صدارتی ہیلی کاپٹر میرین ون اور ایئر فورس ون طیارے میں بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ تھیں۔ ہکس صدر ٹرمپ کی مشیر کے طور پر خدمات انجام دیتی ہیں۔  وہ صدر ترمپ کی ٹیم میں کورونا سے متاثر ہونے والی سینئر ترین اہلکار ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر سیان کانلی کا کہنا ہے کہ صدر 'صحت مند‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور خاتون اول قرنطینہ میں رہیں گے تاہم 'کسی رکاوٹ‘ کے بغیر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے گے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر متعدد مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے قریب رہنے والے کئی افراد میں کورونا کے پازیٹیو کیسز کے بعد سے ہی وائٹ ہاوس نے ٹرمپ کے سینئر معاونین اور ان کے یا نائب صدر مائیک پینس کے قریبی افراد کے روزانہ کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک دو لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جو کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ 72لاکھ سے زائد امریکی اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔