1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’امریکی ڈرون‘ کی فوٹیج، ایرانی ٹی وی پر

9 دسمبر 2011

ایران کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کے روز امریکہ کے ایک انتہائی جدید ڈرون طیارے کی فوٹیج نشر کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے اس طیارے کو انتہائی کم نقصان پہنچائے بغیر اتار لیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/13PC6
تصویر: Tangopaso/sa

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر یہ طیارہ ملک کے شمال مشرقی علاقے میں ’بہت اندر‘ تک گھس آیا تھا، جبکہ ملکی حدود کی خلاف ورزی پر امریکہ سے سفارتی سطح پر شکایت بھی گئی ہے۔

دو منٹ سے زائد دورانیے کی اس ویڈیو فوٹیج میں ایرانی فوجی اہلکاروں کو اس جاسوس طیارے کا معائنہ کرتے دکھایا گیا ہے۔ سرکاری ٹی وی کی اس فوٹیج میں بظاہر آر کیو 170 سینٹینل نامی یہ جاسوس طیارہ درست حالت میں دکھائی دے رہا ہے۔

ایرانی انقلابی گارڈز کے ایروسپیس ڈویژن کے سربراہ جنرل عمی علی حاجی زادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس جاسوس طیارے کو ایک ’الیکٹرونک گھات‘ لگا کر قبضے میں کیا گیا، جس کی وجہ سے اسے کم سے کم نقصان پہنچا۔

UAV Unbemannte Aufklärungsdrohne der US Armee
امریکی حکام اس سے قبل اپنے ڈرون کے لاپتہ پونے کی تصدیق کر چکے ہیںتصویر: AP

سرکاری ٹی وی کے مطابق اس طیارے کو قبضے میں لینے کے لیے گارڈز اور ایران کی ریگولر آرمی نے مشترکہ کارروائی کی۔

مبصرین کا کہنا ہےکہ اس فوٹیج کا مقصد امریکی طیارے کو مار گرانے کے دعوے کی تصدیق کے ساتھ ساتھ پروپیگنڈا بھی ہے، کیونکہ فوٹیج میں جہاز کے نیچے کی جانب لٹکائے گئے امریکی جھنڈے میں ستاروں کی جگہ پر انسانی کھوپڑیاں نظر آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بینر بھی آویزاں ہے، جس پر سوالیہ نشان کے ساتھ تحریر ہے، ’امریکہ یہ حرکت نہیں کر سکتا‘۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک ترجمان نے اس فوٹیج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی حکام اس فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم ترجمان نے اس بابت مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ ’’ہم اس طرح کے مشنز اور اس طرح کی صلاحیتوں کے حوالے سے بات نہیں کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں، اس لیے تہران میں سوئس سفارتخانہ امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی رابطے کی خدمات سرانجام دیتا ہے۔ جمعرات کے روز تہران حکومت نے سوئس سفیر کو طلب کر کے ایرانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر امریکہ کے خلاف احتجاج کیا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق تہران حکومت نے اس حوالے سے امریکہ سے جواب اور معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں