1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امیر امریکی بائیں بازو کے امیدواروں سے کیوں پریشان ہیں؟

4 فروری 2020

امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے پرائمریز کے شروع میں ہی برنی سینڈرز اور الیزابتھ وارن جیسے بائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے امیدوار سبقت لیے ہوئے ہیں۔ کچھ سرمایہ کار گھبرائے ہوئے ہیں اور مبہم پیشنگوئیاں کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3XFFl
تصویر: Reuters/S. Stapleton

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این بی سی‘ پر بہت کم ہی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تاہم گزشتہ برس کے اختتام پر ایک انٹرویو کے دوران یہ کہتے ہوئے لیون کوپر مین کی آنکھوں سے آنسو جھلک پڑے،''مجھے فکر ہے۔‘‘ یہ کہتے ہوئے چھتر سالہ کوپرمین ایک طرح سے مائیکرو فون کے پیچھے چھپ گئے۔

کہتے ہیں کہ بنیادی طور پر اس سرمایہ کار کو صرف اپنے بینک اکاؤنٹ کی فکر ہی ہوتی ہے۔ کچھ ہفتوں قبل امریکی صدارتی انتخابات کی ممکنہ امیدوار الزبتھ وارن سے ان کی عوامی سطح پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ اس سرمایہ کار کو یہ خوف کھایا جا رہا ہے کہ الزبتھ نومبر میں امریکی صدارتی انتخابات جیت سکتی ہیں۔

USA Federal Reserve - US-Notenbank
تصویر: picture-alliance/Xinhua/L. Jie

اگر دیکھا جائے تو کوپر مین امریکا کی  امیر ترین شخیات میں سے ایک ہیں اور الزبتھ وارن ایسے ہی لوگوں پر دولت ٹیکس لگانا چاہتی ہیں۔ وہ پچاس میلن ڈالر زائد اثاثے والوں پر دو فیصد اور کوپر مین جیسے ارب پتی سرمایہ کاروں پر چھ فیصد تک ٹیکس عائد کرنا چاہتی ہیں۔

غریب ارب پتی

الزبتھ وارن کے اس منصوبے کے امیر امریکی افراد کے لیے سخت نتائج برآمد ہوں گے۔ برکلے یونیورسٹی کے ماہر اقتصادیات گابریل زکمین نے اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیکس کا یہ طریقہ کار 1982ء میں متعارف کرا دیا جاتا تو 2018ء کے آخر میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے اثاثے 97 بلین کے بجائے تقریباً 14 بلین ہوتے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ اس کا اثر صرف امیروں پر ہی نہیں پڑے گا بلکہ مالیاتی منڈیاں بھی متاثر ہوں گی۔

Iowa, Des Moines: CNN - Präsidentschaftskandidaten der Demokraten
تصویر: Getty Images/S. Olson

مالیاتی شعبے کے مشیر بیرٹ ٹوبیک کئی مہینوں سے اپنے امیر و کبیر صارفین کو وارن کی ممکنہ جیت سے خبردار کر رہے ہیں۔ اکتوبر کے اوائل میں انہوں نے ایک خط کے ذریعے ان دس خطرات سے آگاہ کیا، مالیاتی منڈیوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

برنی سینڈرز سے کون خوفزدہ ہے؟

الزبتھ وارن کی طرح برنی سینڈرز بھی کورپوریٹ ٹیکس میں اضافہ چاہتے ہیں۔ وہ فریکنگ پر مکمل طور پر پابندی لگانے کے ساتھ ساتھ مالیاتی شعبے کو بھی منظم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فریکنگ زیر زمین چٹانوں سے گیس نکالنے کا متنازعہ طریقہ ہے۔

بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والے جیفری گنڈلیخ برنی سینڈرز کو وال اسٹریٹ کے لیے ایک خطرہ قرار دیتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ سینڈرز کو اپنے حریفوں پر بڑی سبقت حاصل ہے،'' برنی لوگوں کی سوچ سے زیادہ مضبوط ہیں اور وہ 2020ء کے دوران مالیاتی منڈی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔‘‘

Handelssaal der New York Stock Exchange an der Wall Street
تصویر: DW/S. Kessler

لیون کوپر مین ڈیموکریٹس امیدواروں کے ان اور دیگر اہداف کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے۔ انہوں نے سی این بی سی پر اپنے انٹرویو کے دوران ونسٹن چرچل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،''آپ امیروں کو غریب بنا کر غریبوں کو دولت مند نہیں بنا سکتے۔‘‘ ان کے بقول سرمایہ دارانہ نظام کی ایک خرابی دولت کی غیر مساوی تقسیم ہے جبکہ سوشلزم کی بنیادی خرابی مصائب کی مساوی تقسیم ہے۔‘‘

پرائمریز یا کاؤکسز

امریکی صدارتی انتخابات کے مراحل پرائمریز سے شروع ہوتے ہیں۔ پرائمریز میں یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخابات کون لڑے گا اور یہ فیصلہ ان جماعتوں کے ووٹرز رائے شماری کے ذریعے کرتے ہیں۔ پرائمریز یا کاؤکسز امریکی انتخابات میں نامزدگی کا ایک طریقہ کار ہے۔ کچھ امریکی ریاستوں میں کاؤکسز ہوتے ہیں اور کچھ میں پرائمریز جبکہ کچھ ایسی ریاستیں بھی ہیں، جہاں یہ دونوں ہی کرائے جاتے ہیں۔

  ع ا / ک م ( ڈی ڈبلیو)