1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمایشیا

انسانوں کی سمگلنگ کا شبہ، تین سو بھارتی مسافر روک لیے گئے

23 دسمبر 2023

تنہا سفر کرنے والے تیرہ نابالغ افراد سمیت تین سو سے زائد بھارتی فضائی مسافروں کو فرانس میں حکام نے روک لیا ہے۔ یہ تمام بھارتی باشندے دبئی سے رومانیہ کی لیجنڈ ایئر لائنز کی ایک مسافر پرواز کے ذریعے نکاراگوا جا رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/4aX0s
فرانس میں واتری کا ایئر پورٹ جو پیرس واتری ایئر پورٹ بھی کہلاتا ہے
فرانس میں واتری کا ایئر پورٹ جو پیرس واتری ایئر پورٹ بھی کہلاتا ہےتصویر: Francois Nascimbeni/AFP

فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے ہفتہ تیئیس دسمبر کی سہ پہر ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بھارت کے ان سینکڑوں باشندوں کو فرانس میں حکام نے اس لیے روکا کہ انہیں شبہ تھا کہ ان مسافروں کا سفر دراصل انسانوں کی سمگلنگ کی ایک کوشش تھا۔

مقامی حکام نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یہ تمام مسافر جس ایئر بس طیارے میں سوار تھے، اسے بھی حکام نے ابھی تک پیرس سے مشرق کی طرف 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع واتری ایئر پورٹ پر روک رکھا ہے۔

تارکین وطن کی آمد: مزید تین ممالک کے ساتھ جرمن سرحدوں کی نگرانی شروع

ان تمام 303 مسافروں کو لیے یہ طیارہ جمعرات کے روز دبئی سے پرواز کر کے فرانس میں واتری کے ایئر پورٹ پر اترا تھا اور اس کی وہاں لینڈنگ کی وجہ بظاہر 'تکنیکی نوعیت کی‘ بتائی گئی تھی۔

دوسری طرف فرانسیسی حکام نے یہ تصدیق بھی کر دی ہے کہ انہیں اپنے خفیہ ذرائع سے یہ اطلاع ملی تھی کہ اس طیارے کے ذریعے سینکڑوں بھارتی شہریوں کو 'مشتبہ ہیومن ٹریفکنگ‘ کے لیے ایک خاص منزل تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

جرمنی: انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف آپریشن، ایک سو سے زائد شامی باشندے بازیاب

واتری ایئر پورٹ پیرس سے مشرق کی طرف ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر مارن نامی فرانسیسی خطے میں واقع ہے
واتری ایئر پورٹ پیرس سے مشرق کی طرف ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر مارن نامی فرانسیسی خطے میں واقع ہےتصویر: Francois Nascimbeni/AFP

مسافروں میں تیرہ نابالغ بچے بھی شامل

فرانس میں واتری کا ہوائی اڈہ جس انتظامی علاقے میں واقع ہے، اس کا نام مارن ہے۔ مارن میں شہری تحفظ کے محکمے کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ جن 300 سے زائد بھارتی شہریوں کو وہاں روکا گیا ہے، ان میں 13 ایسے نابالغ مسافر بھی شامل ہیں، جو اپنے کسی بالغ اہل خانہ کی ہمراہی کے بغیر تنہا سفر کر رہے تھے۔

پاکستان کے ناموافق حالات اور انسانوں کی اسمگلنگ کا ناسور

لیکن اس مسافر پرواز میں سوار کم عمر مسافر صرف وہی نہیں تھے، جو اکیلے سفر کر رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے میں سوار مسافروں میں کئی ایسے بچے بھی شامل ہیں، جن کے ساتھ ان کے والدین بھی سفر میں تھے۔ ان نابالغ مسافروں کی عمریں 21 ماہ سے لے کر 17 برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

مسافروں تک رسائی ممنوع

اے ایف پی کے ایک رپورٹر کے مطابق یہ تمام بھارتی مسافر آج ہفتے کی دوپہر تک واتری ایئر پورٹ میں داخلے کے مقام پر ہی رکھے گئے تھے اور حکام نے ان تک رسائی بھی ناممکن بنا دی ہے۔

افغانستان میں انسانوں کی اسمگلنگ ایک منافع بخش کاروبار

ان افراد کو سردی سے بچانے کے لیے کمبل وغیرہ دے دیے گئے ہیں اور ایئر پورٹ میں داخلے کی جگہ کے فوری بعد ایک ہال کے وہ تمام شیشے کے دروازے اور کھڑکیاں بھی ترپالیں ڈال کر ڈھانپ دیے گئے ہیں، جن میں سے ان مسافروں کو دیکھا جا سکتا تھا۔

یورپ میں انسانوں کی اسمگلنگ جعلی سفارتی پاسپورٹوں کے ذریعے

نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق فرانس کی مقامی اور قومی پولیس نے اس چھوٹے ایئر پورٹ کے متعلقہ ہال اور دیگر انتظامی عمارات تک ہر غیر متعلقہ فرد کی رسائی ممنوع قرار دیتے ہوئے وہاں تک جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔

مسافروں میں سے دو سے پوچھ گچھ جاری

فرانس میں واتری سے اور ملکی دارالحکومت پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حکام اس مسافر طیارے میں سوار کُل 303 مسافروں میں سے ان دو افراد سے باقاعدہ تفتیش کر رہے ہیں، جنہیں حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ان کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا سینکڑوں افراد کی سمگلنگ کے اس مشتبہ واقعے سے براہ راست تعلق ہے۔

پاکستان میں انسانوں کی اسمگلنگ: اغوا اور پھر جبری مشقت

اسی دوران رومانیہ کی لیجنڈ ایئر لائنز کے ایک قانونی مشیر نے بتایا کہ فرانسیسی حکام نے اس مسافر طیارے کے عملے کو پوچھ گچھ کے لیے روکا تو تھا مگر اب اسے واتری ایئر پورٹ سے روانگی کی اجازت دی جا چکی ہے۔

عراق سے بیلاروس تک کا روٹ، مہاجرین یورپ کیسے پہنچ رہے ہیں؟

مارن میں مقامی حکومتی نمائندوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد سے ان کا فرانس میں قریبی بھارتی قونصل خانے کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے اور قونصل خانے کے اہلکار بھی باقاعدگی سے واتری ایئر پورٹ آ جا رہے ہیں تاکہ حکام سے پورا تعاون کیا جا سکے۔

پیرس میں حکام کے مطابق اس پورے واقعے کی منظم جرائم کی روک تھام کے لیے سرگرم ایک ایسا قانونی یونٹ چھان بین کر رہا ہے، جسے انسانوں کی سمگلنگ کے مشتبہ واقعات کی تحقیقات میں مہارت حاصل ہے۔

م م / ع ت (اے ایف پی، روئٹرز)

انسانوں کی اسمگلنگ، خوفناک سفر کا انجام اکثر موت