انمٹ نقوش چھوڑے والی 10 خواتین ماہرِ تعمیرات
بظاہر آرکیٹیکٹ یا تعمیرات کے فن پر مردوں کا غلبہ ہے۔ اس کے باوجود دس ایسی خواتین ہیں، جن کے انمِٹ نقوش اس شعبے نے گزشتہ صدی میں دیکھے ہیں۔
ایلیسن برُوکس
تعمیراتی ڈیزائن سازی میں برطانوی خاتون ایلیسن برُوکس کا نام انتہائی معتبر خیال کیا جاتا ہے۔ انہیں آرکیٹیکٹ کی دنیا کے سب سے معتبر اور آسکر سمجھے جانے والے ریبا (RIBA) پرائز سے تین مرتبہ نوازا گیا۔ ان کے ایک شاہکار کا نام ’مسکراہٹ‘ ہے اور یہ ایک بڑی سرنگ کا ڈیزائن تھا۔
امانڈا لیویٹ
برطانوی آرکیٹیکٹ امانڈا لیویٹ کی شاہکار کئی عمارتیں ہیں۔ لیویٹ بھی انعام یافتہ ہیں۔ ان کا ایک شاہکار پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں آرٹ، آرکیٹیکٹ اور ٹیکنالوجی میوزیم کی عمارت ہے۔ یہ عمارت ان کے فن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
زھا حدید
عراقی نژاد برطانوی ماہرِ تعمیرات زھا حدید اپنے دور کا ایک بڑا نام رہا ہے۔ ان کی رحلت سن 2016 میں ہوئی۔ کئی عمارتیں ان کا شاہکار ہیں۔ ان میں ایک اطالوی دارالحکومت روم میں تعمیر کیا گیا نیشنل میوزیم برائے عصری فنون ہے۔
ایریس ڈُولین گرُونڈ
سابقہ مغربی جرمنی (جرمن ڈیموکریٹک ری پبلک) سے تعلق رکھنے والی ایریس ڈُولین گرُونڈ نوئے، برانڈن بُرگ کے تعمیراتی منصوبے کی خالق ہیں۔ سابقہ مغربی برلن میں کثیر المنزلہ ہاؤس آف کلچر اینڈ ایجوکیشن کی عمارت کا ڈیزائن بھی ان کا تیار کردہ ہے۔ وہ 20 برس تک اس وقت کے اپنے شہر کی چیف آرکیٹیکٹ کے منصب پر فائز رہی تھیں۔
زیگریڈ کریسمان شاخ
یہ ایک اور مشہور جرمن آرکیٹیکٹ ہیں اور انہیں ایریس ڈُولین گرُونڈ کا ہم منصب قرار دیا جاتا ہے۔ وہ مغربی برلن میں ایک کامیاب تعمیراتی کمپنی کی مالک تھیں، جس میں تین سو سے زائد افراد ملازم تھے۔ ان کی رحلت سن 1990 میں ہوئی تھی۔
لِلِی رائش
رائش کا تعلق باؤہاؤس ڈیزائن اسکول سے تھا۔ انہوں نے اپنے ایک ساتھی لُڈوِگ میس فان ڈیئر روہے کے ساتھ سن 1938 کی تعمیراتی نمائش میں رکھے اپنے ڈیزائنوں سے شہرت پائی تھی۔ یہ دونوں سن 1938 تک اکھٹے رہے، تب فان ڈیئر روہے امریکا منتقل ہو گئے تھے۔ ان دونوں نے سن 1929 کی عالمی نمائش کے لیے بارسلونا پویلین اور چیک جمہوریہ کے برنو شہر کا مشہور ’ولا ٹوگنڈاٹ‘ کے ڈیزائن تخلیق کیے تھے۔
لوٹے کوہن
دنیا میں آرکیٹیکٹ کی اولین ڈگری حاصل کرنے والی خواتین میں سے ایک لوٹے کوہن بھی ہیں۔ جرمن نژاد اسرائیلی ماہر تعمیرات برلن کے مقام شارلوٹن برگ میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے برلن ٹیکنیکل یونیورسٹی سے سن 1916 میں اپنی ڈگری مکمل کی تھی۔ وہ اسرائیل میں تعمیراتی شعبے کی بانی قرار دی جاتی ہیں۔
مارگریٹ شؤٹے لیہوٹسکی
جرمنی میں آج بھی جو کچن کا جو اسٹائل مستعمل ہے، اسے ابتدا میں ’فرینکفرٹ کچن‘ کا نام دیا گیا تھا۔ سن 1926 میں اسے مارگریٹ شؤٹے لیہوٹسکی نے ہی اسے متعارف کرایا تھا۔
آئیلین گرے
فرانسیسی ماہر تعمیرات اور فرنیچر آئیلین گرے جدید تعمیراتی تحریک کا ایک بڑا نام خیال کیا جاتا ہے۔ ان کا مشہور کام فرانسیسی ساحلی علاقے میں مکانات کی ڈیزائننگ ہے۔ ان کی زندگی کے بارے میں سن 2019 میں ایک ناول بھی شائع ہوا ہے۔
الزابیتھ فان کنوبلز ڈورف اور تھریسا موگیر
بیسویں صدی میں خواتین کو تعمیرات کی تعلیم حاصل کرنے میں حوصلہ شکنی کا سامنا رہا۔ میونخ اور برلن میں تھریسا موگیر کو یونیورسٹی میں داخلہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور وہ جرمنی کی ابتدائی خواتین آرکیٹیکٹ میں شمار ہوتی ہیں۔ جرمنی کی اولین ماہر تعمیرات بننے کا اعزاز الزابیتھ فان کنوبلزڈورف کو حاصل ہے۔ انہوں نے سن 1911 میں آرکیٹیکٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔