انٹر نیٹ اب ناخواندہ افراد کی رسائی میں بھی
9 جون 2010انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی دنیا بھر میں انسانوں کی ایک بہت بڑی تعداد انٹرنیٹ تک رسائی کی سکت نہیں رکھتی۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں پانچ ارب کے قریب لوگ اس جدید ایجاد سے محروم ہیں، ان میں اکثریت دیہاتیوں کی ہے لیکن اب بھارت میں Question Box نامی ایک ایجاد نے اس بات کو ممکن بنا دیا ہے کہ ناخواندہ افراد بھی انٹرنیٹ پر موجود علم کے خزانے سے مستفیض ہوسکیں۔
Question Box' ایک عام سے تکونی مشین ہے، جس کے اندر موبائل لگا ہوا ہے۔ کوئی بھی شخص اسکا بٹن دبا کر اُس آپڑیٹر سے بات کر سکتا ہے، جوکال سینٹر میں کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کے ساتھ بیٹھا ہے۔ یہ شخص آپریٹر سے اپنی مقامی زبان میں کچھ بھی پوچھ سکتا ہے۔ زیادہ تر دیہاتی پونےکی کل آبادی کے بارے میں پوچھتے ہیں اور جب آپریٹر جواب دیتا ہے تو وہ تالیاں بجا کر اسے داد دیتے ہیں۔
سسٹر لوسی کیرین پونے کے ایک آشرم کی بانی ہیں ان کا خیال ہے کہ یہ ایجاد اسکول کے بچوں کے لئے بہت معاون ثابت ہوگی کیونکہ اس سے انہیں نہ صرف پڑھائی میں مدد ملے گی بلکہ وہ اپنے امتحانات کے نتائج بھی معلوم کرسکیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی معلومات انٹرنیٹ پر دستیاب ہوتی ہے لیکن اس جدید ٹیکنالوجی سے محرومی نے لوگوں کو معلومات سے دور رکھا ہوا تھا۔ لیکن اب Question Box کی بدولت گاؤں کے لوگوں کو بھی یہ معلومات میسر آجائے گی۔کیرین کا کہنا ہے کہ اس ایجاد کو نوجوان اور طالب علم صحت کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لئے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
بھارت میں کوئسچن بوکس کو2007 سے استعمال کیا جارہا ہے اور اب ملک میں دس ایسے مقامات ہیں، جہاں ان مشینوں کو نصب کیا گیا ہے۔ ان مقامات میں دیہات اور کچی آبادیاں بھی شامل ہیں۔ ڈاکڑ Nikhil Agarwal اوپن مائنڈ ٹرسٹ انڈیا کے چیئرمین ہیں اور وہ Question Box کے استعمال کو فروغ دینے کے عمل کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔ ڈاکڑ اگروال کا کہنا ہے کہ اس مشین کا مقصد ناخواندہ افراد کو بھی اس قابل بنانا ہے کہ وہ جدید معلومات سے مستفیض ہوسکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 1.1 بلین کی آبادی میں صرف81 ملین افراد یعنی آٹھ فیصد بھارتی آن لائن ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ بھارت دنیا میں موبائل استعمال کرنے والے دوسرا بڑا ملک ہے، جس میں موبائل صارفین کی تعداد 490 ملین ہے لیکن اس کا یہ قطعی مطلب نہیں کہ بھارتی باشندوں کو ہر طرح کی معلومات تک رسائی حاصل ہے۔ بہت سے بھارتیوں کو اس بنیادی معلومات تک بھی رسائی حاصل نہیں ہے جو شہری طبقے کو آسانی سے میسر آجاتی ہے۔ ہم اس دیہی اور شہری کی تفریق کو کم کرنا چاہتے ہیں۔
Question Boxکو یوگنڈا میں بھی نصب کیا گیا ہے۔ یوگنڈا کمیونٹ ورکرز دیہاتوں میں جا کر کسانوں اور گاؤں کے لوگوں کے سوالات جمع کرتے ہیں اور پھر وہ ان سوالات کے جوابات کے لئے ایک لیب سے رابطہ کیا جاتا ہے، جہاں آپریٹرز ان کو اِن سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔ بھارت اور یوگنڈا میں Question Box ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، جہاں وہ زیادہ تر کسانوں اور دیہاتیوں کو معلومات مہیا کر کے ان کی مدد کر رہے ہیں لیکن مستقبل میں اس مشین کو ذہنی امراض سے متعلق آگاہی فراہم کئے جانے سمیت کئی اور مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا۔
رپورٹ: عبدالستار
ادارت : عدنان اسحاق