1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹرنیشنل ڈیموکریسی پرائز کے حقدار واسلاو ہاول

عابد حسین25 اپریل 2009

جرمنی کے سابق مرکزی شہر بون میں پہلے انٹرنیشنل ڈیموکریسی پرائز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یہ ہر دوسال بعد کسی اہم شخصیت کو نوازا جائے گا۔ پہلا پرائز چیک جمہوریہ کے سابق صدر کو دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Hdw7
انٹرنیشنل ڈیموکریسی پرائز بون کے حقدار، چیک جمہوریہ کے ممتاز سیاستدان وااسلاو ہاول، اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: DW

پہلے انٹرنیشنل ڈیموکریسی پرائز بون کا حقدار چیک جمہوریہ کے سابق صدر واسلاو ہاول کو ٹھہرایا گیا۔ اُن کو یہ انعام گزشتہ روز شام کے وقت منعقد کی جانے والی تقریب میں جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر شٹائن مائر نے پیش کیا۔ بون کے مشہور زو لوجیکل ریسرچ میوزیم الیکزیڈر کوئنگ میں اِس تقریب کا اہتمام تھا۔ انٹرنیشنل ڈیمو کریسی پرائز کی مالیت دس ہزار یورو ہے۔

Demokratiepreis
واسلاو ہاول اور ڈوئچے ویلے کے ڈائریکٹر جنرل، ایرک بیٹر مینتصویر: DW

جرمن وزیر خارجہ نے تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں جمہوری تحریک میں ایک بڑا نام واسلاو ہاول کا ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ وسطی اور مشرقی یورپ میں امن کے فروغ کے سلسلے میں جو کچھ ہوا ہے وہ اُن کے نام کے بغیر مکمل نہیں ہے۔

انٹرنیشنل ڈیمو کریسی پرائز کو پیش کرنے والی تنظیم کے چیر مین اور ڈوئچے ویلے کے ڈائریکٹر جنرل ایرک بپٹر مین نے انعام پیش کی جانے والی تقریب میں چیک جمہوریہ کے سیاستدان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انعام اُن کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے جو جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے وقف ہونے کے علاوہ بقیہ یورپ بشمول جرمنی کے ساتھ تعلُقات کے فروغ کا باعث بھی بنی تھیں۔

Demokratiepreis
انٹرنیشنل ڈیموکریسی پرائز بون کے حقدار، چیک جمہوریہ کے سیاستدان وااسلاو ہاول، جرمن وزیر خارجہ کے ہمراہتصویر: DW

تقریب میں انعام وصول کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ممتاز یورپی سیاستدان واسلاو ہاول نے کہا کہ یورپی یونین کے فورم پر انسانی حقوق کے مسئلے کو اُس کی اہمیت کے تناظر میں موضوعِ بحث نہیں لایا گیا۔

چیک جمہوریہ کے جری سیاستدان بہتر سالہ واسلاو ہاول حریت فکر کے مجاہد ہونے کے ساتھ ساتھ جمالیاتی تخلیق کار بھی ہیں۔ ایک سکہ بند شعر ہونے کے علاوہ وہ مسلمہ نان فکشن لکھنے والے ادیب اور بیس سے زائد ڈراموں کے تخلیق کار ہیں۔ اُن کی تحریروں کے تراجم کئی دوسری زبانوں میں ہو چکے ہیں۔ اُن کو جدید یورپی تاریخ کا ایک اہم کردار تصور کیا جاتا ہے۔ کمیونسٹ حکومتوں کے زوال کے ایام کے دوران چیکو سلواکیہ میں رونما ہونے والے ویلوٹ انقلاب کے بعد وہ متحدہ چیکو سلاواکیہ کے دسویں اور آخری صدر تھے۔ اُن کی مدتِ صدارت سن اُنیس سو نواسی سے بانوے تھی۔ سلوواکیہ کی علیحدگی کے بعد وہ چیک جمہوریہ کے صدر سن اُنیس سو ترانوے سے لیکر سن دو ہزار تین تک رہے۔

عصری یورپی تاریخ میں خاص طور سے مشرقی یورپی منظر نامے پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے باعث واسلاو ہاول کو صرف یورپ ہی میں نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔