1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا میں زلزلہ، 200 افراد ہلاک

1 اکتوبر 2009

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں زلزلے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے 200 افرادکی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/JvBa
تصویر: AP
Erdbeben in Indonesien
امدادی کارروائیاں جاری ہیںتصویر: AP

سینکڑوں افراد ابھی تک ملبے تلے دبے ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سماٹرا کا شہر پادانگ زلزلے سے سب زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں زلزلے نے مقامی وقت کے مطابق شام سوا پانچ بجے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔ اس علاقے کی آبادی ایک ملین ہے اور بیشتر افراد نے گزشتہ رات کھلے آسمان تلے گزاری۔

یہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے 940 کلومیٹر پر واقع دارالحکومت جکارتہ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک سنگاپور اور ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں بھی محسوس کئے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے ابتداء میں ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.9 بتائی تھی، تاہم بعدازاں اسے 7.6 بتایا گیا۔

پادانگ میں زلزلے سے متعدد عمارتیں، پل اور دیگر املاک مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

انڈونیشیا کے نائب صدر یوسف کالا نے صحافیوں کو بتایا کہ گھروں کے ساتھ ساتھ اسکول اور ہوٹل بھی تباہ ہوئے ہیں جبکہ علاقے کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔ فلاحی اداروں کا کہنا ہے کہ مواصلات کا نظام تباہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

وزارت صحت کے کرائسس سینٹر کے سربراہ رستم پاکایا نے بتایا کہ پادانگ کا مرکزی ہسپتال تباہ ہو چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہے جبکہ مزید ٹیمیں وہاں پہنچ رہی ہیں۔

Erdbeben in Indonesien
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئیتصویر: AP

حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی امداد کے طور پر حکومتی فنڈ سے 10.4ملین ڈالر جاری کر دیے گئے ہیں۔ مختلف امدادی تنظیموں جمعرات کی صبح سے نقصان کا اندازہ لگانے کے لئے سروے بھی شروع کرا رہی ہیں۔

ایک حکومتی ترجمان پریادی کارڈونو کے مطابق خیموں، کمبلوں اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان لئے تین فوجی طیارے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بدھ کے زلزلے کے اثرات 2006 کےیوگیاکارتا زلزلے کی مانند ظاہر ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں چھ ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ پادانگ کے مقامی ہوائی اڈے کو بھی معمولی نقصان پہنچاہے۔ تاہم اسے جمعرات کی صبح کھول دیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث پادانگ کے ایک علاقے میں مٹی کے تودے گرنے سے بھی متعدد گھر تباہ ہوئے۔

ماہرین ارضیات کے مطابق پادانگ کو ابھی زلزلےکے معمولی جھٹکوں کا سامنا رہے گا جبکہ کسی بڑے جھٹکے یا سونامی کا خدشہ بھی موجود ہے۔ خبررساں ادارے AFP نے ماہرین ارضیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ زلزلہ جنوبی سماٹرا میں آتش فشانوں کے پھوٹنے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ستمبر کے آغاز پر انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں زلزلے کے نتیجے میں 123 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف توقیر