1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

میرکل نے کونراڈ آڈیناؤر فاؤنڈیشن سے بھی علیحدگی اختیار کر لی

9 دسمبر 2023

سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی سے منسلک کونراڈ آڈیناؤر فاؤنڈیشن سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ وہ اب سیاسی ذمہ داریوں سے الگ ہونا چاہتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Zy3j
سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل
تصویر: Bernd von Jutrczenka/dpa/picture alliance

کونراڈ آڈیناؤر فاؤنڈیشن کے ایک ترجمان کی طرف سے اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ جرمنی کی سابق چانسلر انگیلا میرکل نے گزشتہ ہفتے ہونے والی میٹنگ میں یہ بات واضح کر دی کہ وہ اس فاؤنڈیشن کے معاملات چلانے والے 55 رکنی بورڈ کے لیے یا ارکان کی آئندہ ملاقاتوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔

میرکل چار مرتبہ چانسلر کے عہدے پر تعینات رہنے کے بعد 2021ء میں اقتدار سے الگ ہوئیں۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران سیاسی اسٹیج سے مکمل علیحدگی کے سلسلے میں ان کا یہ تازہ قدم ہے۔ تاہم اس تھنک ٹینک کی طرف سے یکم دسمبر کو اس کے چیئرمین نوربرٹ لامیرٹ کے دوبارہ انتخاب کے سلسلے میں جاری کی گئی پریس ریلیز میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا کہ اس فاؤنڈیشن کی سب سے مشہور رکن اس سے الگ ہونے والی ہیں۔

میرکل بورڈ اجلاس کے دوران
کونراڈ آڈیناؤر فاؤنڈیشن کی طرف سے یکم دسمبر کو جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا کہ اس فاؤنڈیشن کی سب سے مشہور رکن اس سے الگ ہونے والی ہیں۔تصویر: Christoph Soeder/dpa/picture alliance

اس فاؤنڈیشن کی طرف سے اس بات کی تصدیق جرمنی کے ڈیئر اشپیگل نامی ہفتہ وار میگزین میں خبر چھپنے کے بعد کی گئی ہے۔

کونراڈ آڈیناؤر فاؤنڈیشن ہے کیا؟

کونراڈ آڈیناؤر اسٹفٹنگ (کے اے ایس) ایک ایسا تھنک ٹینک ہے جو براہ راست جرمن سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی سے منسلک ہے تاہم قانونی وجوہات کی بنا پر یہ آزادانہ حیثیت میں کام کرتا ہے۔ اس کی بنیاد 1955ء میں رکھی گئی تھی اور اس کا نام دوسری عالمی جنگ کے بعد کے کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کے پہلے جرمن چانسلر کونراڈ آڈیناور کے نام پر رکھا گیا تھا۔

جرمنی کی ہر ایسی بڑی جماعت جو پارلیمان میں نمائندگی رکھتی ہے وہ اس طرح کے ادارے قائم کر سکتی ہے اور تقریباﹰ تمام جماعتوں کی ایسی فاؤنڈیشنز موجود بھی ہیں۔

بنیادی طور پر ان اداروں کو ریاست فنڈنگ مہیا کرتی ہے۔ ان کا مقصد ملک کے اندر اور ملک سے باہر سیاسی تعلیم اور تحقیق کا فروغ اور اس بارے میں آگاہی پھیلانا ہے۔ یہ ادارے ایک طرح سے اپنی اپنی سیاسی جماعت کے سیاسی ایجنڈا کی تیاری اور اسے آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

الوداع میرکل

ا ب ا/ع س (ڈی پی اے، اے ایف پی)