1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں عوامیت پسند حکومت قائم ہو گئی

1 جون 2018

رواں برس مارچ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے تقریباً تین ماہ بعد اٹلی میں نئی مخلوط حکومت تشکیل پا گئی ہے۔ وزیراعظم جُوزیپے کونٹے نے جمعہ پہلی جون کو حلف اٹھایا۔

https://p.dw.com/p/2yomb
Italien, Rom:  Giuseppe Conte gibt ein Interview
تصویر: picture-alliance/R. Tersigni

اس حکومت کے قیام سے اٹلی میں ایک اور الیکشن کا خطرہ ٹل گیا۔ اکنامکس کے پروفیسر اور سیاسی میدان میں بالکل نئی شخصیت جُوزیپے کونٹے حیران کن انداز میں وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔ اُن کی حکومت میں قوم پرست جماعت لیگ کے لیڈر ماتیو سالوینی اور فائیو اسٹار موومنٹ کے سربراہ لوئگی ڈی مائیو نئے وزیراعظم کی کابینہ میں اہم وزارتوں کے حامل ہونے کے علاوہ نائب وزرائے اعظم بھی ہیں۔

کونٹے اگلے ہفتے کے دوران پیر یا منگل کو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔ انہوں نے اپنی کابینہ میں اٹھارہ وزراء کو شامل کیا ہے۔ صدر ماٹاریلا نے قبل ازیں پاؤلو ساؤونا کے وزیر خزانہ بنائے جانے پر اعتراض کیا تھا لیکن نئی کابینہ میں وہ یورپی یونین افیئرز کے وزیر مقرر کیے گئے ہیں۔ اہم ترین وزارت خزانہ کا قلمدان پولیٹیکل اکانومی کے ماہر جیووانی ٹریا (Giovanni Tria) کو دیا گیا ہے۔

برسلز میں یورپی یونین کے حلقوں میں شناخت اور جان پہچان رکھنے والے اینزو مواویرو (Enzo Moavero) کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔ اقتصادی ترقی کی وزارت کا منصب فائیو اسٹار موومنٹ کے لیڈر لوئگی ڈی مائیو کو تفویض کیا گیا ہے۔ مائیو اس منصب کے طلب گار تھے اور وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ اٹلی کو مہاجرین کی آمد سے ہر ممکن طریقے سے بچایا جائے۔ انہوں نے انتخابی مہم میں مہاجرین مخالف بیانیے کو اپنایا تھا۔ وزیر داخلہ مخلوط حکومت میں شامل لیگ کے لیڈر ماتیو سالوینی ہیں۔

Italien Regierungsbildung | Präsident Sergio Mattarella & Giuseppe Conte, designierter Premierminister
جُوزیپے کونٹے سے حلف اطالوی صدر سیرجو ماٹاریلا نے لیاتصویر: Reuters/Italian Presidential Press Office

اطالوی پارلیمنٹ میں لیگ اور فائیو اسٹار موومنٹ سیاسی جماعتوں کی مخلوط حکومت کو صرف بتیس نشستوں کی اکثریت حاصل ہے۔ انہیں پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں بھی بہت ہی معمولی سبقت حاصل ہے۔ اس باعث کونٹے کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

موجودہ مخلوط حکومت میں فائیو اسٹار موومنٹ اکثریتی پارٹی ہے۔ اُسے مارچ کے الیکشن میں تینتیس فیصد ووٹ ملے تھے اور لیگ کو سترہ فیصد لیکن حالیہ ایام میں قوم پرست سیاسی جماعت لیگ کے لیڈر ماتیو سالوینی کی مقبولیت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔

براعظم یورپ کی تیسری بڑی اقتصادیات کے حامل ملک اٹلی میں کئی ہفتوں کے تعطل کے بعد نئی حکومت قائم ہوئی ہے۔ گزشتہ چند ایام میں ایسے امکانات پیدا ہو گئے تھے کہ ملکی صدر سیرجو ماٹاریلا نئے انتخابات کا اعلان کر دیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے ٹیکنوریٹ کارلو کوٹاریلی کو وزیراعظم بھی نامزد کر دیا تھا۔

اٹلی میں عوامیت پسند حکومت کی تشکیل پر جرمنی نے کہا ہے کہ وہ نئی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے ’اوپن‘ ہے۔ اسی دوران یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلُود یُنکر نے اس حکومت کے قیام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہاں کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہر ممکن طریقے سے بدعنوانی کی شرح کو کم سے کم کیا جائے۔ ینکر نے یہ بھی کہا کہ اٹلی میں ہر مسئلے کی ذمہ داری یورپی یونین پر عائد کرنے کے سلسلے کو بھی موقوف کیا جانا ضروری ہے۔