ایبا، ہمیشہ کے لیے!
مشہور میوزیکل بینڈ ایبا کے ایک رکن بیورن اُلوائیس نے کہا ہے کہ رواں برس کے اختتام پران کا بینڈ ایک نیا گیت شائقین کے لیے پیش کرے گا۔ میوزک بینڈ ایبا کا تعلق سویڈن سے ہے۔
ایک نیا گیت
چھہتر سالہ بیورن اُلوائیس نے دو مختلف اخبارات کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا بینڈ ایک نیا گیت سامنے لانے والا ہے، جو یقینی طور پر تاریخی ہو گا۔ یہ گیت اس بینڈ کا گزشتہ چالیس برسوں میں ریکارڈ کیا جانے والا پہلا گیت ہو گا۔ ریکارڈنگ اسٹوڈیو میں بیورن اُلوائیس کے علاوہ اکہتر سال اگنیتھا فالٹسکوگ، چوہتر برس کے بینی اینڈرسن اور پچھتر سالہ اینی فرِڈ لینگشٹڈ کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایبا کی ابتدا سن 1974 میں ہوئی
میوزک بینڈ ایبا کی کامیابی کا آغاز اس کے گیت ’واٹر لُو‘ سے ہوا تھا، جو پہلی مرتبہ برطانوی شہر برائٹن میں منعقدہ گیتوں کے یورو وژن مقابلے میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ سن 1974 کی بات ہے اور تبھی ایبا سے اس کے شائقین کی دیوانہ وار وابستگی کا آغاز ہوا تھا۔ یہ دیوانگی ان آٹھ برسوں میں بھی قائم رہی، جب تک یہ بینڈ قائم رہا تھا۔ اس بینڈ کے اب تک تین سو اسی ملین ریکارڈز فروخت ہو چکے ہیں۔
ایبا: مقبول گیتوں کا بینڈ
یورو وژن مقابلے میں شریک ہونے سے ایک سال قبل ایبا گروپ اپنے ملک سویڈن میں اسی بین الاقوامی مقابلے کے لیے کوالیفائی بھی نہیں کر سکا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہی ناکامی ان کی کامیابی کا باعث بنی۔ ’واٹر لُو‘ گیت کے بعد ایبا نے کئی سُپر ہِٹ گیت پیش کیے۔ ان میں ڈانسنگ کوئین، منی منی منی، اور دا وِنر نمایاں ہیں۔
دنیا بھر میں کنسرٹس
سن 1977 میں ایبا بینڈ کے ارکان دنیا کے دورے پر روانہ ہوئے۔ اس دوران انہوں نے یورپ اور آسٹریلیا میں اپنے فن کے مظاہرے کیے۔ اُسی برس ’ایبا: دی مُووی‘ آسٹریلیا میں عام نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ اس میوزک گروپ نے چیریٹی کنسرٹ میں بھی حصہ لیا۔ تصویر میں یہ بینڈ سن 1979 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
1982 سے جاری وقفہ
سن ستر کی دہائی میں دو جوڑوں نے، جو آپس میں دوست بھی تھے، گیت لکھے اور گائے۔ پھر سن 1982 میں ان کے تعلقات میں دراڑ پیدا ہو گئی۔ ان کی فنکارانہ سرگرمیوں میں وقفہ پیدا ہو گیا۔ اس کے بعد یہ دوبارہ اکٹھے نہ ہو سکے حالانکہ سن 2019 میں اس بینڈ نے دو نئے گیت ریکارڈ کرانے کا اعلان بھی کیا تھا لیکن یہ آج تک صرف ایک اعلان ہی رہا۔
کیا ایبا کا وقفہ ختم ہونے کو ہے؟
یورو وژن کی سرکاری ویب سائٹ پر یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ سن 2021 میں ایبا کے پانچ نئے گیت ریلیز کیے جا رہے ہیں۔ یہ گیت سن 2020 میں ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ بینڈ ایک مرتبہ پھر ایک نئے نام ’ایباٹارز‘ کے ساتھ دورہ کرنا چاہتا ہے۔ یہ چاروں فنکاروں کا ہولوگرافک اواتار ہوں گے جو بینڈ گروپ کی جگہ اسٹیج پر پرفارمنس دیں گے۔
فن کی خدمت جاری رہی
اگنیتھا فالٹسکوگ اور اینی فرِڈ لینگشٹڈ نے گزشتہ برسوں میں سولو گیت گانے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ اس طرح ایبا کی بریک میں بھی مثبت پیش رفت جاری رہی۔ بینی اینڈرسن اور بیورن اُلوائیس بھی مشترکہ طور پر ایک گیت ’ماما میا‘ کی پروڈکشن میں شریک رہے۔ یہ گیت اسی نام کی ایک فلم کے لیے تھا۔ اس فلم کے پریمیئر کی تقریب میں بینی اینڈرسن اور اُلوائیس بیورن بھی شریک ہوئے تھے۔
ایبا میوزیم
کئی مشہور پاپ فنکاروں نے اپنے حوالے سے میوزیم بنانے یا بنوانے کی کوشش نہیں کی لیکن ایبا نے ایسا کر دکھایا۔ سن 2013 میں سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہولم میں ایبا میوزیم کھولا گیا۔ یہ اب سیاحوں میں نہایت مقبول ہے۔ اس میں کئی یادگار اشیاء رکھی گئی ہیں۔ سیاح تھری ڈی ہولوگرام تکنیک کے ساتھ ایبا کے مشہور گیت اس بینڈ کے ارکان کے ساتھ گا بھی سکتے ہیں اور یادگار کے طور پر ریکارڈ بھی کرا سکتے ہیں۔
مومی بینڈ
ایبا نے اسٹاک ہولم کے میوزیم میں اس بینڈ کے ارکان کے تھری ڈی مومی مجسمے بھی نمائش کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔ اس میوزیم میں بینڈ کے ارکان کے رنگ برنگے ملبوسات بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ میوزیم میں سیاح اس بینڈ کے ڈانس کے اسٹیپس بھی سیکھ سکتے ہیں۔ کبھی کبھار میوزیم میں کال کر کے کسی خوش قسمت سیاح سے ایبا کا کوئی رکن ٹیلی فون پر گفتگو بھی کر لیتا ہے۔