1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایبٹ آباد، ملٹری اکیڈمی پر راکٹ حملے

27 جنوری 2012

پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں واقع ملٹری اکیڈمی پر متعدد راکٹ داغے گئے ہیں۔ اس حملے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں تاہم اکیڈمی کی بیرونی دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔

https://p.dw.com/p/13rGU
تصویر: picture alliance/landov

ایبٹ آباد میں جمعے کی صبح پاکستانی فوج کی ایک اکیڈمی پر ہوئے اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں سے کچھ ہی فاصلے پر دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سابق رہنما اسامہ بن لادن کا گھر تھا۔ گزشتہ برس دو مئی کو امریکی کمانڈوز نے ایک خفیہ آپریشن کرتے ہوئے اسی گھر میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی الصبح مقامی وقت کے مطابق قریب تین بجے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول پر راکٹ داغے گئے۔ پاکستانی حکام نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نو راکٹ داغے گئے، جس سے تین راکٹ اکیڈمی کی بیرونی دیوار سے ٹکرائے۔

Pakistan Terror Haus von Osama bin Laden in Abbottabad
کاکول اکیڈمی سے صرف پانچ سو میٹر دور ہی اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا گیا تھاتصویر: dapd

عسکری حوالے سے انتہائی اہم تصور کیے جانے والے شہر ایبٹ آباد اعلیٰ پولیس اہلکار امتیاز حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس حملے میں کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرنے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

امتیاز حسین شاہ کے بقول اس علاقے میں سکیورٹی ہر وقت الرٹ رہتی ہے، اس لیے توقع کی جا رہی ہے کہ اس پر تشدد کارروائی کے بارے میں حقائق جلد ہی اکٹھے کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد شائد القاعدہ کے حامی جنگجوؤں نے اس اکیڈمی کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی ہو۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں