ایران اور یورپی ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کا ایک نیا باب
25 جنوری 2016ایرانی صدر تہران اور دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے مابین متنازعہ ایٹمی پروگرام سے متعلق طے پانے اور اس کے نتیجے میں ایران پر سے عالمی پابندیاں ہٹنے کے بعد پہلی بار اٹلی کا درہ کر رہے ہیں۔ روحانی کے اس دورے کا مقصد ایران کی اقتصادیات کو مضبوط بنانے کے لیے یورپی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں بہتری لانا ہے۔ صدر روحانی اسی ہفتے فرانس کا دورہ بھی کریں گے۔ حسن روحانی کا فرانس کا دورہ دراصل گزشتہ برس نومبر کے ماہ میں طے تھا تاہم پیرس میں دہشت گردانہ حملوں کے سبب یہ دورہ ملتوی ہو گیا تھا۔
روحانی کی اٹلی آمد سے تین روز قبل ہی عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوا ہے جس کے بعد امریکا اور یورپی یونین کے لیے ایران پر سے اقتصادی پابندی ہٹانے کی راہ ہموار ہوئی تاہم اس شرط پر کہ ایران اپنی جوہری سرگرمیاں محدود رکھے۔
گزشتہ روز یعنی اتوار کو تہران کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ایرانی حکومت 114 ایئربس طیارے خریدے گی اس طرح ایران پُرانے طیاروں پر مشتمل اپنے فضائی بیڑے کو دوبارہ جاندار اور طاقتور بنانا چاہتا ہے۔ ایران پر سے پابندیاں اُٹھنے کے بعد تہران اور کسی مغربی ملک کے مابین یہ پہلی بڑی کمرشل ڈیل ہوگی۔ اس معاہدے پر دستخط روحانی کے فرانس کے دورے کے دوران فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ایرانی لیڈر نے اس معاہدے کو عالمی منڈیوں میں تہران کی مارکیٹ کی واپسی کا ایک ’’نیا باب‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی ستائش کی ہے۔
پیر کو حسن روحانی اٹلی پہنچ کر پہلے اپنے اطالوی ہم منصب سے ظہرانے پر ملاقات کریں گے اور اُس کے بعد اُن کی ملاقات اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی کے ساتھ طے ہے۔
ایرانی صدر ویٹیکن کا دورہ بھی کریں گا جہاں وہ پاپائے روم فرانسس سے ملاقات کریں گے۔ 1999ء میں اُس وقت کے ایرانی صدر محمد خاتمی کے ویٹیکن کے دورے کے بعد کسی ایرانی صدر کا ویٹیکن کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پوپ فرانسس ایرانی صدر سے اُن کے قریبی اتحادی شام کے صدر بشار الاسد پر دباؤ ڈالنے اور سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے پر زور دیں گے۔
ایرانی صدر حسن روحانی کے ہمراہ سیاسی اور اقتصادی لیڈروں پر مشتمل قریب 100 رُکنی وفد بھی اٹلی پہنچ رہا ہے۔ اس میں ایران کے تیل، صحت، پرانسپورٹ اور صنعتی امور کے وزراءبھی شامل ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اٹلی روانگی سے قبل حسن روحانی نے مہر آباد ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،’’ فرانسیسی موٹر ساز ادارے پیچو اور رینو کے ساتھ نہایت اہم معاہدے طے پانے کی توقع ہے۔‘‘
ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے تین روزہ یورپی دورے کے آغاز سے پہلے ایران میں اپنے بیان میں کہا تھا،’’ہم اس دورے کا بہترین مصرف لیتے ہوئے جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد کی فضا سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں تاکہ ایران میں اقتصادی ترقی اورجدیدیت کو فروغ حاصل ہو اور نوجوانوں میں پائی جانے والی بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے‘‘۔ حسن روحانی کے بقول اُن کے ملک کو سالانہ بنیادوں پر 20 تا 50 بلین ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
2012ء سے اب تک ایران اور اٹلی کے مابین سالانہ تجارتی حجم 7 بلین سے کم ہو کر 1.2 بلین تک پہنچ گیا ہے۔