1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں طاقت ور زلزلہ: متعدد ہلاکتیں، سینکڑوں افراد زخمی

8 نومبر 2019

ایران میں آج جمعہ آٹھ نومبر کو علی الصبح آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ یہ زلزلہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت پانچ اعشاریہ نو تھی۔

https://p.dw.com/p/3SfmW
تصویر: AFP/Getty Images

ملکی دارالحکومت تہران سے موصولہ نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹوں کے مطابق حکام نے بتایا کہ اس زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت اور 300 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زلزلے کے یہ جھٹکے مقامی وقت کے مطابق علی الصبح دو بج کر سترہ منٹ پر تہران سے 250 میل (تقریباﹰ 400 کلومیٹر) شمال مشرق کی طرف واقع ایک علاقے میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے بعد بہت سے خوف زدہ مقامی باشندے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ بڑے جھٹکوں کے بعد کچھ کم شدت کے 40 سے زیادہ ضمنی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے، جنہوں نے صوبے مشرقی آذربائیجان میں البرز کے پہاڑی علاقے میں واقع متاثرہ علاقے کو کئی بار ہلا کر رکھ دیا۔

سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ آخری خبریں آنے تک زخمیوں کی تعداد 312 ہو چکی تھی، جس میں سے اکثریت معمولی زخمی ہوئی۔ شدید زخمی ہونے والے ایسے افراد کی تعداد کافی کم تھی، جو اس وقت مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں سے زیادہ تر کو چوٹیں اس وقت آئیں، جب وہ خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے دوڑ کر باہر نکل رہے تھے۔

Iran Erdbeben Suche nach verschütteten Personen
دو سال قبل مغربی ایران میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں بھی چھ سو سے زائد افراد ہلاک اور نو ہزار سے زائد زخمی ہو گئے تھےتصویر: picture-alliance/abaca/AA/F. Bahrami

اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمی ہونے والے شہریوں سے متعلق ان اعداد و شمار کی ملک کی ہنگامی طبی خدمات کے شعبے کے سربراہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے کی طرف روانہ کی جا چکی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے سے درجنوں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ان جھٹکوں کا مرکز زمین میں 10 کلومیٹر (6.2 میل) کی گہرائی میں تھا۔

ایران جغرافیائی طور پر ایک ایسے خطے میں واقع ہے، جہاں اوسطاﹰ ہر روز ایک بار زلزلہ آتا ہے۔ سن 2003 میں ایران کے تاریخی شہر بام میں آنے والے ریکٹر اسکیل پر 6.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 26 ہزار انسان مارے گئے تھے۔

دو سال قبل 2017ء میں بھی ایران کے مغربی حصے میں ایک بہت طاقت ور زلزلہ آیا تھا۔ ریکٹر اسکیل پر سات کی شدت کے اس زلزلے کے باعث 600 سے زائد ایرانی شہری ہلاک اور نو ہزار سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

م م / ع س (اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں