1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران نے موساد سے تعلق کے جرم میں چار افراد کو پھانسی دے دی

5 دسمبر 2022

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں چار افراد کو اتوار کے روز پھانسی دے دی گئی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کے بعد ملزمان کے پاس اپیل کا کوئی قانونی راستہ نہیں بچا تھا۔

https://p.dw.com/p/4KT4Y
Iran I Hinrichtung nach Spionage-Vorwurf
تصویر: mizan

ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ 'میزان آن لائن' کی رپورٹ کے مطابق یہ چاروں افراد اسرائیلی خفیہ سروس سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ کے رکن تھے اور اتوار کے روز ان کو پھانسی دے دی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان افراد پر"اغوا کرنے، ہتھیار تیار کرنے اور ڈیجیٹل کرنسی میں معاوضہ حاصل کرنے" کے الزامات تھے۔ ایرانی سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت کے فیصلے کے چار روز بعد انہیں پھانسی دے دی گئی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملزمان کے پاس سزا کے خلاف اپیل کا کوئی قانونی راستہ نہیں بچا تھا۔

مغربی خفیہ ایجنسیاں خانہ جنگی کی سازش کر رہی ہیں، ایران

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق تین دیگر افراد کو قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں، اغوا میں مدد کرنے اور غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے الزامات میں پانچ سے 10برس تک قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔

ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی

اسرائیل ایران اور اس کے حامیوں کو مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔

ایران نے سن 1979میں اسلامی انقلاب کے بعد سے اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم نہیں کیا ہے اور وہ اسرائیل مخالف مسلح گروپوں بشمول حزب اللہ اور حماس کی حمایت کرتا ہے۔

دوسری طرف ایران نے بھی اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ تہران کے جوہری مقامات پر تخریب کاری کے ذریعے حملے سمیت اس کے سائنس دانوں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔

’امریکا ایران میں بدامنی کو ہوا دے رہا ہے،‘ ایرانی صدر

ایران میں مظاہروں میں امریکہ اور اسرائیل ملوث، علی خامنہ ای

دونوں ممالک اکثر ایک دوسرے پر جاسوسی کے الزامات بھی لگاتے رہتے ہیں۔

اسرائیل نے جنوری میں کہا تھا کہ اس نے ایک ایرانی جاسوسی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ یہ گروہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعہ اسرائیلی خواتین کو لالچ دے کر اسٹریٹیجک مقامات کی تصویریں اور دیگرخفیہ معلومات حاصل کرتا تھا۔

دوسری طرف مئی میں ایرانی پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیل کی انٹیلیجنس ایجنسی کے لیے کام کرنے والے نیٹ ورک کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔

ان افراد کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اغوا میں مدد، چوری اور بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

 ایران نے جولائی میں بھی اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے مزید افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان میں سے کالعدم کرد گروپ کے ارکان شامل تھے جو ایران کے 'حساس مقامات‘ کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اسرائیل کو ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے بھی تشویش لاحق ہے اور وہ ایران جوہری معاہدے  کی بحالی کے لیے امریکہ کی جانب سے کی جانے والی کوشش کے خلاف ہے۔

اسرائیل اور ایران  اکثر ایک دوسرے پر جاسوسی کے الزامات بھی لگاتے رہتے ہیں
اسرائیل اور ایران اکثر ایک دوسرے پر جاسوسی کے الزامات بھی لگاتے رہتے ہیںتصویر: Behrouz Mehri/AFP

ایران اور سزائے موت

ایران میں مجرموں کو پھانسی دینے کی سزا پر اکثر عمل ہوتا رہتا ہے اور ہر برس سینکڑوں افراد کو پھانسی پر لٹکا دیا جاتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق سن 2021 میں تہران نے کم از کم 314 افراد کو پھانسی پر لٹکا دیا۔ یہ تعداد مذکورہ برس مشرق وسطیٰ میں پھانسی  دی جانے والی مجموعی تعداد کا نصف سے زیادہ ہے۔

گزشتہ ستمبر میں ایران کی اخلاقی پولیس کی حراست میں ایک کرد ایرانی خاتون مہسا امینی کی موت ہوجانے کی وجہ سے اس وقت ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

 ج ا/ ص ز(اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)