ایران نے ہمارے تین شہریوں کو قید کر لیا: آسٹریلیا
11 ستمبر 2019
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ تینوں شہریوں کو سفارتی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے معاملے کی مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔
آسٹریلیا نے اپنے شہریوں ایران کا سفر کرنے کے حوالے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
برطانوی میڈیا میں بعض خبروں کے مطابق ایشیا کے سفر پر نکلنے والی ایک برطانوی آسٹریلین خاتون اور ان کے آسٹریلین ساتھی کو دس ہفتے پہلے ایران میں حراست میں لیا گیا تھا۔ خیال ہے کہ وہ دونوں غلطی سے کسی ایرانی فوجی اڈے کی طرف نکل گئے تھے۔
اس سے پہلےایرانی حکام نے برطانیہ کی کیبمرج یونیورسٹی اور آسٹریلیا میں لیکچر دینی والی ایک خاتون اسکالر کو بھی پکڑ لیا تھا۔ اس خاتون کو حال ہی میں دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور اطلاعات ہیں کہ انہیں قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
ان خاتون کو کن الزامات کے تحت پابند سلاسل رکھا جا رہا ہے؟ اس بارے میں ایران کی حکومت نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
ایران میں غیرملکیوں کو گرفتار کے واقعات ایک ایسے وقت سامنے آ رہے ہیں جب تہران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز میں کشیدگی ہے۔ تیل کی عالمی ترسیل کی لیے آبنائے ہرمز ایک اہم سمندری راستہ ہے۔
آسٹریلیا نے پچھلے ماہ ہی اس آبی گزرگاہ کی حفاظت کی لیے امریکی قیادت میں قائم فورسز میں شریک ہونے کا اعلان کیا تھا۔