1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: پُر تشدد مظاہروں کے بعد اب حکومت کی حمایت میں ریلیاں

صائمہ حیدر
3 جنوری 2018

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک بھر میں ایک ہفتے سے جاری پُر تشدد مظاہروں اور بد امنی کے بعد اب حکومت کی حمایت میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کا آغاز مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/2qGOs
Iran, Teheran, Protest
تصویر: Getty Images

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی پر ملک کے مختلف شہروں میں حکومت کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلیوں کی فوٹیج دکھائی جا رہی ہے۔ پریس ٹی وی کے مطابق یہ مظاہرے ایران میں بد امنی اور انتشار کا سبب بننے والے ایک ہفتے سے جاری مظاہروں کے خلاف احتجاج کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔

پریس ٹی وی پر دکھائی جانے والی اس فوٹیج میں مظاہروں میں شریک ہزاروں افراد کو ایرانی جھنڈے لہراتے اور ایرانی حکومت کے حق میں نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ احتجاجی ریلیاں گرگان، اھواز ، کرمانشاہ اور دیگر ایرانی شہروں میں نکالی گئیں۔

مظاہرین کے شرکاء کا نعرہ تھا، ’’اے ہمارے رہنما ہم تیار ہیں۔‘‘ بیشتر افراد نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تصاویر کے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

حکومت کے حق میں ریلیوں کا یہ سلسلہ آیت اللہ خامنہ ای کے گزشتہ روز کے اُس بیان کے بعد سے شروع ہوا جس میں انہوں نے ملک میں جاری مظاہروں کا الزام تہران کے ’غیرملکی دشمنوں‘ پر عائد کیا تھا۔

 ایران کے اس اعلیٰ ترین رہنما نے یہ بھی کہا تھا کہ حالیہ کچھ دنوں کے دوران ایران کے دشمن آپس میں متحد ہو گئے ہیں اور انہوں نے رقوم، ہتھیاروں کی فراہمی، اپنی پالیسیوں، انٹیلیجنس اور سکیورٹی کے شعبوں میں اپنی سروسز سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک منصوبہ تیار کیا، جس کا مقصد اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے مسائل کھڑے کرنا ہے۔