ایران۔امریکہ تنازعہ اور خام تیل کی بڑھتی قیمت
4 جنوری 2012عالمی مالی منڈیوں میں خام تیل قیمت میں منگل کے روز ہونے والے غیر معمولی اضافے کا اہم پہلو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکی نیوی کی موجودگی سے بڑھتا تنازعہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین اور امریکہ کے پیداواری اور اقتصادی اعداد و شمار نے بھی تیل کی قیمت میں اضافے کو تحریک دی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے میں امریکہ اور چین کے پیداواری اداروں کی بڑھتی صلاحیت ہے۔ دوسری جانب نئے سال کے دوران تیل کی کھپت میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق فوج کے سربراہ عطا اللہ صالحی نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز خلیج میں واپس آیا تو فوجی کارروائی کا امکان ہے۔ دوسری جانب امریکی وزارت دفاع کے صدر دفتر پینٹا گون کا کہنا ہے کہ ایرانی دھمکیاں اس بین الاقوامی دباؤ کا نتیجہ ہے جس سے ایران کو اب گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔ پینٹا گون نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے طیارہ بردار بحری جہاز خلیجی علاقے میں روانہ کرتا رہے گا۔ ایران دھمکیوں کے تناظر میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ ایران اپنی اندرونی پریشانیوں کی وجہ سے اپنے عوام کی توجہ بڑھتے مسائل سے ہٹانے کی کوششوں میں ہے۔
مبصرین کے خیال میں بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی بڑھتی قیمت کی وجوہات میں ایران اور مغرب کے درمیان جاری جوہری پروگرام کے تنازعے کے ساتھ نائجیریا میں انتہاپسندوں کی بڑھتی سرگرمیاں بھی ہیں۔ ابھی اسی ویک اینڈ پر افریقی ملک نائجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن نے انتشار زدہ علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ ان کے علاوہ اوپیک کے بعض ممبر ملکوں میں بڑھتے فرقہ وارانہ مسائل بھی تیل کی قیمت میں اضافے کا باعث ہیں۔ ان میں عراق اور بحرین اہم ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ عراق کی تیل کی پیداوار دسمبر میں بڑھ گئی ہے۔
امریکی شہر نیو یا رک میں قائم ادارے Again Capital LLC کے ماہر اقتصادیات جان کِلڈف (John Kilduff) کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی سے بین الاقوامی صورت حال کا ٹمپریچر روز بروز بڑھ رہا ہے، ایران کی جانب سے میزائل تجربات اور نیوی کی مشقوں جیسے اقدامات، عالمی ماحول کو مزید پیچیدہ کرنے کے مترادف ہیں، ان کے علاوہ اقتصادی ڈیٹا بھی عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ جان کلڈف کے مطابق چین کا پیداواری شعبہ دسمبر میں بمشکل سکڑنے کے عمل سے بچ سکا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل