1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتشمالی امریکہ

ایسٹرا زینیکا: جرمن ماہرین نے بلڈ کلاٹنگ کی وجہ تلاش کر لی

21 مارچ 2021

دنیا کے کئی ممالک میں برٹش سویڈش کمپنی ایسٹرا زینیکا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کا استعمال روک دینے کی وجہ چند مریضوں میں بلڈ کلاٹنگ کے جان لیوا واقعات بنے تھے۔ جرمن ماہرین نے اب بلڈ کلاٹنگ کی وجوہات کا پتا چلا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3qvgZ
ایسٹرا زینیکا کی تیار کردہ ویکسین کورونا وائرس کے خلاف کم قیمت ویکسینز میں سے ایک ہےتصویر: Yves Herman/REUTERS

کئی یورپی اور غیر یورپی ممالک میں، جہاں عام لوگوں کو کووڈ انیس کی عالمی وبا کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگائی گئی تھی، چند مریضوں میں ویکسینیشن کے بعد خون کے بہت چھوٹے چھوٹے لوتھڑے بننے کی وجہ سے ان مریضوں کا انتقال ہو گیا تھا۔

برطانیہ کی نصف بالغ آبادی کو پہلی ویکسین لگا دی گئی

ایسے واقعات کے سامنے آنے کے بعد اس ویکسین کے محفوظ اور مؤثر ہونے سے متعلق ایسے وسیع تر خدشات پیدا ہو گئے تھے، جن کی طبی تحقیقی ماہرین نے فوری طور پر تصدیق نہیں کی تھی، مگر عمومی احتیاط کے باعث کئی ممالک میں اس ویکسین کا استعمال عبوری طور پر روک دیا گیا تھا۔

بین الاقوامی اداروں کی رائے

ایسٹرا زینیکا سے متعلق خدشات پیدا ہونے کے بعد جرمنی کے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ، یورپی میڈیسن ایجنسی اور عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے بھی تصدیق کر دی تھی کہ بہت ہی معمولی تعداد میں ایسی ویکسینیشن کے بعد مریضوں کی اموات کا تعلق اس ویکسین سے کم ہے اور ان مریضوں کی ذاتی میڈیکل ریکارڈ سے زیادہ۔

وزیر اعظم عمران خان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی

ان اداروں کی طرف سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ ویکسین جن مریضوں کو لگائی گئی تھی، ان میں شرح اموات انتہائی معمولی تھی، جس کی بنیاد پر سائنسی حوالے سے ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال ترک کر دینے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔

بلڈ کلاٹنگ کی وجوہات

کئی ممالک میں ماہرین یہ جاننے کی کوشش میں تھے کہ جن مریضوں کو یہ ویکسین لگائی گئی تھی، ان کے چند ایک کے جسموں میں خون کے بہت چھوٹے چھوٹے لوتھڑے بن جانے یا بلڈ کلاٹنگ کی وجوہات کیا تھیں۔

ایران: مقتول جوہری سائنسداں کے نام پر کورونا ویکسین تیار

جرمن شہر گرائفس والڈ کے ایک ٹیچنگ ہسپتال کے محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان عوامل کا پتا چلا لیا ہے، جن کی وجہ سے بہت کم شرح سے ہی سہی لیکن ایسٹرا زینیکا ویکسین چند مریضوں مین بلڈ کلاٹنگ کی وجہ بنی۔ ان ماہرین کے مطابق ایسے مریضوں کا 'ٹارگٹڈ‘ علاج ممکن ہے۔

شمالی جرمنی میں گرائفس والڈ ٹیچنگ ہسپتال کے ماہرین نے جرمن نشریاتی ادارے این ڈی آر کو بتایا کہ بہت ہی کم واقعات میں ایسٹرا زینیکا کے استعمال کے بعد متعلقہ افراد کے خون میں جو کلاٹنگ دیکھنے میں آئی، وہ دراصل ایسے مریضوں کے دماغ میں پیدا ہونے والی 'تھرومبوسِس‘ یا انجماد خون کی اپنے عوامل کی بنیاد پر بہت ہی نایاب طبی حالت تھی۔

جرمنی، اٹلی، فرانس اور اسپین نے ايسٹرا زینيکا ویکسین کا استعمال روک ديا

بچوں میں کوروناٰ، ہم اس بارے میں کیا جانتے ہیں؟

ان ماہرین کے بقول مریضوں کے دماغ میں اس thrombosis کا بروقت پتا چلا لیا جائے، تو اس کا باقاعدہ ٹارگٹ کر کے علاج ممکن ہے۔ یہ علاج بھی اسی عام طریقے سے کیا جا سکتا ہے، جیسے سالہا سال سے دنیا بھر میں ڈاکٹر دماغ میں انجماد خون کا علاج کرتے آئے ہیں۔

علامات اور ان کی تشخیص کے بعد ہی علاج ممکن

ایسٹرا زینیکا اور چند مریضوں میں بلڈ کلاٹنگ کے واقعات پر جرمنی میں ان ماہرین نے یہ تحقیق صحت عامہ کے شعبے کے ریگولیٹری ادارے پاؤل ایہرلِش انسٹیٹیوٹ اور آسٹریا کے ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر مکمل کی، جہاں ایک نرس کا یہی ویکسین لگائے جانے کے چند روز بعد دماغ میں انجماد خون سے انتقال ہو گیا تھا۔

اردن: کووڈ ویکسین کو سیاسی مسئلہ نہ بنائیں

ریسرچرز کے مطابق دماغ میں ایسی بلڈ کلاٹنگ کا علاج کیا تو جا سکتا ہے، مگر صرف اسی وقت جب کسی انسان میں ایسا دماغی انجماد خون پیدا ہو چکا ہو اور اس کی تشخیص بھی ہو گئی ہو۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس طریقہ علاج کو 'برین تھرومبوسِس‘ پیدا ہونے سے پہلے حفاظتی یا احتیاطی روک تھام کے عمل کے طور پر قبل از وقت استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

بھارت، پاکستان کو کووڈ ویکسین فراہم کرے گا

شمالی جرمن ماہرین نے آسٹریا کے ڈاکٹروں کے تعاون سے دماغ میں اس بلڈ کلاٹنگ کی وجوہات کے تعین سے متعلق یہ معلومات بہت سے یورپی ہسپتالوں تک پہنچا دی ہیں۔

ویکسینیشن کے بعد بلڈ کلاٹنگ کی ظاہری علامات کیا؟

جرمنی میں امراضِ دوران خون کی ملکی تنظیم کے ماہرین کے مطابق دماغ میں 'تھرومبوسِس‘ کی عام علامات یہ ہیں کہ مریضوں کو سر درد اور غنودگی کا سامنا رہتا ہے اور بصارت بھی جزوی طور پر متاثر ہوتی ہے۔

چینی ویکسین پر پاکستانی طبی ورکرز کے شکوک و شبہات

اس تنظیم کے مطابق کسی بھی انسان کو اگر ویکسینیشن کے بعد تین دن سے زیادہ عرصے تک ان علامات کا سامنا رہے، تو اسے مزید مشورے اور تفصیلی طبی معائنے کے لیے اپنے ڈاکٹر یا ہسپتال کا رخ کرنا چاہیے۔

جرمنی سمیت کئی یورپی اور غیر یورپی ممالک میں حکومتیں ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال معطل کر دینے کے اپنے فیصلے واپس لے چکی ہیں اور یہ ویکسین بھی اب عام شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔

آلیکس بیری، کاٹیا شٹَیرسِک (م م / ک م)