ایسے جرمن اداکار، جنہوں نے عالمی شہرت حاصل کی
آلیکزانڈرا ماریا سے ڈانیئل بِرئول ایسے اداکار ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تو جرمن فلم صنعت سےکیا لیکن اپنی اداکاری کے جوہر بین الاقوامی سینما میں بھی دکھائے۔ ایسے سات معروف جرمن اداکاروں کی چند تصاویری جھلکیاں۔
7۔ آلیکزانڈرا ماریا لارا
1978ء میں بخارست میں پیدا ہونے والی آلیکزانڈرا ماریا کے والدین رومانیہ سے ہجرت کر کے جرمنی منتقل ہوئے۔ گیارہ سال کی عمر میں وہ پہلی مرتبہ جرمن ٹیلی وژن پر جلوہ گر ہوئیں۔ 2004ء میں کامیاب فلم ’ڈاؤن فال‘ میں ہٹلر کی سیکرٹری کا کردار ادا کیا۔ بعد ازاں معروف ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ ونسلٹ کے ساتھ بڑے پردے پر فلم ’دی ریڈر‘ میں بھی نظر آئیں۔ انہوں نے فلم ’کنٹرول‘ اور ’رش‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
6۔ فرانکا پوٹینٹے
1998ء میں سپر ہٹ فلم ’رن لولا رن‘ میں اداکاری کرنے کے بعد سن 2001 میں فلم ’بلو‘ میں ہالی ووڈ کے مایاناز اداکار جونی ڈیپ کے ساتھ بوس و کنار کے مناظر ان کی شہرت کا سبب بنے۔ فرانکا سنسنی خیز فلم ’بورن آئیڈنٹیٹی‘ میں اداکار میٹ ڈیمن کے ساتھ بھی بڑے پردے پر فلم بینوں کا دل جیتا۔ انہوں نے بحیثیت مصنفہ چند کتابیں بھی تحریر کیں۔ فی الوقت وہ امریکی ڈرامہ سیریز ’ٹابو‘ میں بھی اداکاری کر رہی ہیں۔
5۔ آؤگسٹ ڈیل
برلن میں پیدا ہونے والے اداکار آؤگسٹ ڈیل نے ہدایتکار کوینٹن ٹرانٹینو کی فلم ’انگلوریئس باسٹرڈز‘ میں کام کرتے ہوئے بین الا قوامی سینما میں دھوم مچائی تھی۔ یہ جرمن اداکار اپنے وطن میں بننے والی فلموں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پردے کی زینت بھی رہے۔ خواہ وہ ’نائٹ ٹرین ٹو لزبن‘ ہو یا پھر فلم ’دی ینگ کارل مارکس‘ ، ان کی منجھی ہوئی اداکاری نے کئی ناقدین کو توجہ حاصل کی۔
4۔ فلورینس کاسومبا
یوگینڈا میں پیدا ہونے والی کاسومبا کی پرورش جرمنی میں ہوئی اور آج کل وہ برلن میں رہائش پذیر ہیں۔گزشتہ برس سپر ہیرو فلم ’ونڈر ویمن‘ اور ’کیپٹن امریکا‘ (2016) میں اداکاری کے ذریعے ہالی ووڈ میں اپنا نام بنانے والی یہ خاتون اداکارہ سائنس فکشن فلموں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ’ایونجرز، انفینیٹی وار‘ اور بلاک بسٹر فلم ’بلیک پینتھر‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
3۔ کرسٹوف والٹز
ہالی ووڈ کی فلم ’انگلوریئس باسٹرڈز‘ میں ایک ایس ایس آفیسر کے کردار کو عمدہ انداز میں نبھانے پر کرسٹوف والٹز کو بہترین معاون اداکار کا آسکر انعام دیا گیا تھا۔ ویانا میں پیدا ہونے والے اس اداکار نے سن 2012 میں ’ڈیانگو اَن چینڈ‘ میں پیشہ ور قاتل کے کردار میں ایک اور آسکر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ برلن میں مقیم اس اداکار نے معروف برطانوی جاسوس ’جیمز بانڈ‘ کی فلم ’سپیکٹر‘ میں ایک منفی کردار ادا کیا تھا۔
2۔ ڈیانا کِروگر
ڈیانا کِروگر ایک اور جرمن اداکارہ ہیں، جن کی عالمی سطح پر شہرت کا سبب بھی فلم ’انگلوریئس باسٹرڈز‘ رہی۔ سابق فیشن ماڈل نے سن 2004 میں ہالی ووڈ کے سپر سٹار بریڈ پٹ کے ساتھ سپر ہٹ فلم ’ٹرائے‘ میں کام کیا۔ ڈیانا اب امریکی شہری ہیں، گزشتہ برس ان کو معروف جرمن ہدایتکار فاتح آکِن کی فلم ’اِن دی فیڈ‘ میں اپنے پہلے جرمن کردار پر ’کن‘ فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا اعزاز دیا گیا۔
1۔ ڈانیئل بِرؤل
بارسیلونا میں جنم لینے والے جرمن اداکار ڈانیئل بِرؤل نے اپنے بین الاقوامی فلمی کیریئر کا آغاز سپر ہٹ مزاحیہ فلم ’گوڈبائے لینن‘ سے کیا۔ جس کے بعد ڈانیئل ہالی ووڈ میں بنائی جانے والی فلموں میں مستقل طور پر نظر آنے لگے۔ فلم ’دی بورن الٹی میٹم‘ میں اداکاری کے بعد جولیاں اسانج کی زندگی پر مبنی ’بائیو پک‘ فلم ’دی ففتھ سٹیٹ‘ میں اداکاری پر فلم بینوں نے انہیں دل کھول کر داد دی ۔