1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا میں آن لائن شاپنگ کا بڑھتا ہوا رجحان

13 جولائی 2010

نیلسن نامی ایک تحقیقی ادارے کے ایک تازہ جائزے کے مطابق ایشیا پیسیفک کے ممالک کے صارفین پوری دنیا میں آن لائن شاپنگ میں سب سے آگے ہی‍ں اور اپنی آمدنی کا زیادہ تر حصہ انٹر نیٹ پر خریداری کے لئے صرف کرتے ہی‍‍ں۔

https://p.dw.com/p/OI4d
انٹرنیٹ خریداری کا رجحان بڑھتا ہواتصویر: picture-alliance / dpa / Themendienst

منگل کو جاری کئے جانے والے اِس جائزے میں کہا گیا ہے کہ اس خطے کے 35 فیصد صارفین اپنی ماہانہ آمدنی کا 11 فیصد سے زیادہ آن لائن خریداری پر خرچ کرتے ہیں جبکہ باقی دنیا میں آن لائن خریداری کی اوسط شرح 27 فیصد ہے۔

نیلسن کی رپورٹ کے مطابق ایشیا میں جنوبی کوریا وہ ملک ہے، جس میں آن لائن خریداری سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ وہاں مجموعی آبادی کا تقریباً 59 فیصد آن لائن شاپنگ کو ترجیح دیتا ہے۔ جنوبی کوریا کے بعد چین 41 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ می‍‍ں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایشیا پیسیفک یا ایشیا بحرالکاہل کے ممالک میں صارفین میں آئندہ چھ ماہ میں آن لائن خریداری کے رجحان میں باقی انٹرنیٹ صارفین کے مقابلے میں بہت زیادہ اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ چین اور جنوبی کوریا میں اس قسم کی خریداری، جس میں چھ مہینے پہلے سے اپنی پسند اور ضرورت کی اشیاء آرڈر کی جاتی ہیں، سب سے زیادہ ہے۔ آئندہ چھ ماہ کے لئے آرڈر کی جانے والی اشیاء میں کتابیں، کپڑے، جوتے اور الیکٹرانک ساز و سامان وغیرہ شامل ہیں۔ اِسی طرح بہت سے لوگ ہوائی جہاز کے ٹکٹ یا ہوٹل کی بکنگ کے لئے بھی یہ سہل راستہ اختیار کرتے ہیں۔

Einkaufen im Internet
انٹرنیٹ پر خریداری میں خواتین بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہیںتصویر: AP

پیٹ گیل، جو نیلسن کمپنی می‍‍ں ریٹیلر سروسز کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں، کہتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ نے اس چیز کو بنیادی طور پر بدل کر رکھ دیا ہے کہ صارف اپنی رقم کیسے اور کہاں خرچ کرے۔ و ہ مزید کہتے ہیں کہ یہ رجحان جنوبی کوریا میں بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے، جہاں صارفین کی ایک بڑی تعداد ضروریات زندگی، مثال کے طور پر کھانے پینے کی اشیاء، میک اپ کا سامان اور دوسری چیزیں انٹرنیٹ کے ذریعے خریدتی ہے۔

ایشیا پیسیفک کے ممالک میں جہاں آن لائن شاپنگ باقی دنیا کے مقابلے میں زیادہ ہے، وہیں ان ملکوں میں انٹرنیٹ پر خریدی ہوئی اشیاء کے معیار اور کوالٹی پر شکایات بھی دوسرے خطوں کے مقابلے میں زیادہ ملتی ہیں۔

نیلسن کمپنی کے مطابق انٹرنیٹ تک عوام کی زیادہ سے زیادہ رسائی، سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کی شہرت اور انٹرنیت فورمز پر رابطے کے باعث آج کل کوئی بھی برانڈ کسی سی چھپا نہیں رہ سکتا۔

رپورٹ: بریخنا صابر

ادارت: امجد علی