1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایڈز کی وجوہات، نسل پرستی اور جنسیت

صائمہ حیدر19 جولائی 2016

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ شارلیز تھیرون نے کہا ہے کہ ایڈز کے پھیلنے کی بنیادی وجوہات نسل پرستی، جنسیت اور عدم مساوات ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JROG
Charlize Theron Welt AIDS Konferenz in Durban
تھیرون کی رائے میں ایڈز کی بنیادی وجوہات میں ہم جنس پرستوں کے خلاف نفرت بھی شامل ہےتصویر: picture-alliance/dpa/J.Bätz

جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں گزشتہ روز ہونے والی عالمی ایڈز کانفرنس میں 1800 مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے تھیرون نے کہا،' آئیے خود سے سوال کریں کہ ہم اس بیماری پر قابو کیوں نہیں پا سکے۔ کیا یہ اس لیے ہے کہ ہم ایسا کرنا ہی نہیں چاہتے۔‘‘

اداکارہ نے اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا،’’ ہم کچھ انسانوں کو دیگر انسانوں پر فوقیت دیتے ہیں ، جیسے خواتین کے مقابلے میں مردوں کو اور گہری رنگت والے افراد پر سفید رنگت کے لوگوں کو۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے پاس ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے تما م ذرائع موجود ہیں۔ ‘‘ تھیرون کے مطابق تمام سہولیات ہونے کے باوجود سن 2015 میں 2.1 ملین افراد ایچ آئی وی کے وائرس سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات میں نسل پرستی، جنسیت اور ہم جنس پرستوں کے خلاف نفرت یا ان سےخوف شامل ہے۔

Ban Ki-moon und Charlize Theron auf der Pressekonferenz der International AIDS Conference 2016
بان کی مون نے بھی ایڈز پر ہونے والی پانچ روزہ کانفرینس سے خطاب کیاتصویر: picture-alliance/dpa

پانچ روزہ کانفرنس کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایچ آئی وی مثبت سینتیس ملین افراد کا نصف حصہ آج بھی زندگی بچانے والی ادویات سے محروم ہے۔ بان کی مون نے مزید کہا کہ،’’ عالمی برادری کی حیثیت سے ہمیں اپنے اہداف کی طرف فوری اور فیصلہ کن طور پر بڑھنا ہے۔ صرف اسی صورت میں ہم اس تباہ کن مرض سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘

ایڈز کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایڈز کے ڈائریکٹر میشیل سیڈیبے نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’ میں خوفزدہ ہوں کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ عطیہ کرنے والے افراد کی جانب سے ملنے والی رقوم میں کمی نظر آرہی ہے۔‘‘ سیڈیبے کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں اقوام متحدہ سن 2030 تک ایڈز پر قابو پانے کا اپنا ہدف حاصل نہیں کر پائے گی اور اس کے دوبارہ پھیلنے کا خدشہ بھی ہے۔

AIDS HIV rote Schleife Rio de Janeiro
جنوبی افریقہ عالمی سطح پر ایچ آئی وی سے شدید متاثر ممالک میں سے ایک ہےتصویر: Getty Images/T.Weidman

اس سے قبل عالمی ایڈز سوسائٹی کے سربراہ کرس بیرر نے جرمن خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج نے دنیا کے لیے ایڈز سے مقابلہ کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔ بیرر جو ایڈز کے لیے پیشہ ور افراد کی سب سے بڑی عالمی تنظیم کے سربراہ ہیں، کا کہنا تھا کہ بریگزیٹ ایڈز کے حوالے پریشان کن پیش رفت ہے۔ بیرر نے ایڈز پر ریسرچ کے حوالے سے برطانیہ کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ،’’ ایڈز کی عالمی سطح پر روک تھام کے لیے اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے ساتھ مشترکہ کاوشوں میں رقوم عطیہ کرنے والے برطانوی افراد کا کردار اہم رہا ہے۔ تاہم برطانیہ میں ایڈز پر ہونے والی تحقیق کے لیے فنڈز کا ایک مناسب حصہ یورپی یونین کی طرف سے دیا جاتا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ عالمی سطح پر ایچ آئی وی سے شدید متاثر ممالک میں سے ایک ہے۔ ایچ آئی وی کے انفیکشن کے نتیجے میں موت کے منہ میں جانے والے سالانہ 1.1 ملین افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق افریقہ سے ہوتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید