1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اے ٹی ایم کو پیسے اگلنے پر مجبور کرنے والا ہیکر ہلاک

افسر اعوان27 جولائی 2013

اے ٹی ایم مشینوں کو پیسے اگلنے پر مجبور اور میڈیکل ڈیوائسز میں مسائل کی نشاندہی کرنے والا معروف امریکی ہیکر بارنابی جیک، ہیکنگ کی بین الاقوامی کانفرنس سے محض ایک ہفتہ قبل مردہ پایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19F4I
تصویر: REUTERS/Hep Svadja

بارنابی جیک ہیکنگ کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں ایک ہائی پروفائل پریزنٹیشن دینے والا تھا۔ نیوزی لینڈ میں پیدا ہونے والا 35 سالہ جیک جمعرات کی شام سان فرانسسکو میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں ملا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی پولیس کے ترجمان کے حوالے سےبتایا ہے کہ بارنابی جیک کی ہلاکت کی اطلاع اس کے ’ایک چاہنے والے‘ نے پولیس تک پہنچائی۔ اس ترجمان کے مطابق ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ جیک کی ہلاکت کی وجہ کیا تھی، تاہم پولیس نے قتل کے شُبے کو فی الحال خارج از امکان قرار دیا ہے۔

جیک پیس میکرز اور ڈی فیبریلیٹرز کو ہیک کرنے کی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والا تھا
جیک پیس میکرز اور ڈی فیبریلیٹرز کو ہیک کرنے کی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والا تھاتصویر: AP

سان فرانسسکو میڈیکل ایگزامینر دفتر کے مطابق تفتیش کے لیے جیک کے جسم سے نمونے حاصل کیے گئے ہیں تاہم موت کی درست وجوہات تک پہنچنے میں ایک ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔

جیک دنیا کے معروف ترین ’وائٹ ہیٹ‘ ہیکرز میں سے ایک تھا۔ وائٹ ہیٹ ہیکرز ایسے کمپیوٹر ماہرین کو کہا جاتا ہے جو اپنی ٹیکنیکل صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی کمپیوٹر نظام میں سکیورٹی کی ایسی خامیوں کا پتہ چلاتے ہیں جنہیں مجرم استعمال کرکے لوگوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

بارنابی جیک اپنی صلاحیتوں کے باعث میڈیکل ڈیوائسز اور اے ٹی ایم مشینوں میں نصب چھوٹے کمپیوٹرز کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت رکھتا تھا۔ جیک کو ان مسائل کو حل کرنے میں مدد دینے کی وجہ سے اکثر عالمی کانفرنسوں اور تحقیقی اجتماعات میں مدعو کیا جاتا تھا۔

جیک دنیا کے معروف ترین ’وائٹ ہیٹ‘ ہیکرز میں سے ایک تھا
جیک دنیا کے معروف ترین ’وائٹ ہیٹ‘ ہیکرز میں سے ایک تھاتصویر: imago/mm images/peoplestock

جمعرات یکم اگست کو لاس ویگاس میں ’بلیک ہیٹ‘ ہیکرز کا ایک عالمی کنونشن منعقد ہو رہا ہے۔ جیک اس کنونشن میں دل کی دھڑکنوں کو قابو میں رکھنے کے لیے جسم میں نصب کیے جانے والے پیس میکرز pacemakers اور ڈی فیبریلیٹرز defibrillators کو ہیک کرنے کی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والا تھا۔ جیک نے گزشتہ ہفتے روئٹرز کو بتایا تھا کہ وہ کسی بھی ایسے شخص کو 30 فٹ کے فاصلے سے ہلاک کرسکتا ہے جس کے جسم میں دل کی دھڑکنوں کا کنٹرول کرنے والا آلہ نصب ہو۔

جیک 2010ء میں اس وقت دنیا کا ایک معروف ترین ہیکر بن کر سامنے آیا جب اس نے اے ٹی ایم مشین کو ڈالرز اگلنے پر مجبور کرنے کا مظاہرہ کر کے دکھایا۔ اس صلاحیت کو ’جیک پوٹنگ‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس مظاہرے کی یوٹیوب پر موجود ویڈیو کو اب تک 26 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔