1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن میونخ چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کر گئی

24 اگست 2011

چیمپیئنز لیگ کی سابق فاتح جرمن ٹیم بائرن میونخ نے دوسرے پلے آف میچ میں سوئس کلب زیورخ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر چیمپیئنز لیگ کے امسالہ مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

https://p.dw.com/p/12MhK
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے گزشتہ سیزن میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم بائرن میونخ کو زیورخ کے خلاف دو پلے آف میچوں میں فتح کے ذریعے ہی چیمپیئنز لیگ میں شامل ہونے کا موقع مل سکتا تھا۔

اس سلسلے میں پہلا میچ میونخ میں کھیلا گیا تھا، جس میں بائرن میونخ نے زیورخ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔ اسی طرح منگل کے روز کی اس فتح کے بعد مجموعی طور پر بائرن میونخ نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے اس پلے آف راؤنڈ میں فتح حاصل کر لی۔ میونخ کے کوچ Jupp Heynckes  نے فتح کے بعد اپنے انٹرویو میں کہا کہ بائرن میونخ کی ٹیم کارکردگی کے اعتبار سے واقعی چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے کی حقدار ہے۔’’آپ کبھی نہیں کہہ سکتے کہ ایسے میچوں کا حتمی نتیجہ کیا ہو گا۔ میرے خیال میں ہم میونخ اور زیورخ دونوں جگہ بہتر کھیلے، اسی لیے بآسانی کوالیفائی کر گئے۔‘‘

Bayern München vs. FC Zürich Champions League 2011
بائرن میونخ کے کھلاڑی گول کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: dapd

بائرن میونخ کی طرف سے کھیل کے ساتویں منٹ میں ماریو گومیس نے گول کر کے بائرن میونخ کو برتری دلائی، جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

بائرن میونخ کے کپتان فیلِپ لاہم نے میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ٹیم نے کھیل کے لیے جارحانہ حکمت عملی کا انتخاب کیا تھا۔’’ہم یہ سوچ کر میدان میں اترے تھے کہ اگر کچھ انتہائی حیرت انگیز طور پر برا نہ ہوا، تو ہم ہر حال میں یہ میچ جیت جائیں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بائرن میونخ کی منصوبہ بندی یہ تھی کہ ابتدا میں برتری حاصل کر لی جائے اور بعد میں پوری توجہ دفاع پر دی جائے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف