1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائیڈن کی ترجیحات، امریکی پالیسی میں تبدیلی کی تیاریاں

9 نومبر 2020

نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ان کی حکومت طاقت کے زور پر یکطرفہ فیصلے کرنے کی بجائے عالمی تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کو ترجیح دے گی۔

https://p.dw.com/p/3l3bC
USA Washington | Rede von Joe Biden auf TV im Weißen Haus
تصویر: Chris Kleponis/RS/MPI/Capital Pictures/picture alliance

نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ  وہ حکومت سنبھالنے کے پہلے ایک سو روز کے اندر صدر ٹرمپ کے یکطرفہ احکامات واپس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما کے مطابق صدر ٹرمپ کی طرف سے عالمی سمجھوتوں اور اداروں سے علیحدگی کا رجحان امریکا کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا، جس کا وہ جلد از  جلد ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔

اس ضمن میں جو بائیڈن اور ان کی نو منتخب نائب صدر نے ایک نئی ویب سائٹ لانچ کی ہے، جس کے ذریعے انہوں نے اپنی اولین داخلی و عالمی ترجیحات واضح کرنا شروع کر دی ہیں۔ ان میں کورونا وائرس سے نمٹنا، معیشت کی بحالی، ماحولیاتی تحفظ اور امریکا میں نسل پرستی سے نمٹنا شامل ہو گا۔

ایران اور ایٹمی سمجھوتہ

جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی طرف سے اوباما دور کے اس معاہدے سے امریکا کو نکالنا ایک غلطی تھی، جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ اس معاہدے کا دوبارہ حصہ بنے گی۔

تاہم انہوں نے واضح کر رکھا ہے کہ ایران پر سے پابندیاں اٹھانے پر صرف تب ہی غور کیا جائے گا، جب ایران یہ ثابت کرے گا کہ وہ معاہدے کی شرائط پر پوری طرح عمل کر رہا ہے۔

نو منتخب امریکی صدر کے موقف پر سعودی عرب میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔ اس سے قبل جو بائیڈن سعودی صحافی جمال خاشقجی کی قتل پر سعودی حکام پر تنقید کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ حکومت میں آ کر یمن کی لڑائی میں سعودی کردار کا جائزہ لیں گے۔ 

Bildkombo Joe Biden Kronprinz Mohammed bin Salman

شاید یہی وجہ ہے کہ امریکا میں انتخابی نتائج واضح ہونے کے بعد سعودی عرب کے سوا اکثر خلیجی عرب ممالک نے ہفتے کو ہی نو منتخب صدر کو مبارکباد دے دی تھی۔ بعد میں سعودی عرب نے مبارکباد کا اپنا پیغام اتوار کو بھجوایا۔

ماحولیاتی تحفظ سے متعلق پیرس معاہدہ

عالمی سطح پر آلودگی پھیلانے والے ملکوں میں امریکا چین کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے۔ اس کے باوجود صدر ٹرمپ نے اس سال امریکا کو تحفظ ماحول سے متعلق پیرس معاہدے سے علیحدہ کر لیا تھا۔ تاہم نو منتخب صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کو واپس اس معاہدے میں شامل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

عالمی ادارہ صحت میں واپسی

جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ صدر بننے کے بعد امریکا فوری طور پر ڈبلیو ایچ او میں دوبارہ متحرک ہو گا اور عالمی سطح پر کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں  میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے عالمی وبا کے دوران عالمی ادارہ صحت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے اس پر چین کے زیر اثر ہونے کا الزام لگایا تھا اور اس کی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا تھا۔

US-Wahl 2020 | Unterstützer von Joe Biden feiern
تصویر: Kevin Lamarque/REUTERS

امریکا اس اہم عالمی ادارے کے بجٹ کے کوئی پندرہ فیصد اخراجات اٹھاتا آیا ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی کی حکومت کی کوشش ہو گی کہ اس ادارے کو مسترد کرنے کی بجائے اسے مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔

نومنتخب صدر کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت دیگر اہم عالمی اداروں سے متعلق بھی ٹرمپ حکومت کے رویے کا ازسر نو جائزہ لے گی۔ ان میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی، یونیسکو، ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن اور نیٹو شامل ہیں۔