بارسلونا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی
4 مئی 2011سیمی فائنل کی فرسٹ لیگ میں شکست کے باعث میڈرڈ کے لیے سیکنڈ لیگ کا یہ میچ پہلے سے ہی مشکل تھا۔ فرسٹ لیگ کے میچ میں اسے صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست ہوئی تھی۔ اس ہار کا رخ موڑنے کے لیے منگل کے میچ میں میڈرڈ کے کھلاڑیوں نے کھیل کی ابتداء سے بارسلونا کے گول پوسٹ پر حملے کرنے شروع کیے، تاہم انہیں بہت دیر تک کوئی کامیابی نہ مل سکی۔
بعد ازاں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک ایک گول کیا جا سکا۔ یوں میچ ختم ہونے پر فرسٹ اور سیکنڈ لیگ کا مجموعی نتیجہ بارسلونا کے حق میں رہا۔
یعنی بارسلونا نے دونوں میچز میں مجموعی طور پر تین گول کیے جبکہ میڈرڈ کے کھلاڑی صرف سیکنڈ لیگ کے میچ میں ہی ایک گول کر سکے۔
منگل کے میچ کے بعد بارسلونا کے کوچ پيپ غوارديولا نے میڈرڈ کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بھی سراہا، تاہم اپنی ٹیم کی جیت پر انہوں نے کہا، ’یہ مکمل کامیابی ہے۔ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر ناز ہے۔ ہم نے چیمپیئنز لیگ کا فائنل پہلی مرتبہ 1992ء میں جیتا تھا اور اب چوتھی مرتبہ یہ ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
غواردیولا نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں بارسلونا اور میڈرڈ کے کلب چار مرتبہ آمنے سامنے ہوئے، جس کے نتیجے میں دونوں ہی جانب کے کھلاڑی ذہنی اور جسمانی تھکان کا شکار تھے۔
چیمپیئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل کی سیکنڈ لیگ کا مقابلہ بدھ کو انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ اور جرمن کلب شالکے کے درمیان مانچسٹر میں ہو گا۔ اس میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جیت کے قومی امکانات ہیں، جس کی وجہ فرسٹ لیگ میں اس کی جیت ہے۔
توقع کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ اگر فائنل میں پہنچتی ہے تو چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں بارسلونا سے اس کا دوسری مرتبہ سامنا ہو گا۔ 2009ء میں ہوئے فائنل مقابلے میں جیت بارسلونا کی ہوئی تھی۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: افسر اعوان