بالی وُڈ برلن میں، فلم ’ڈان ٹو‘ کی شوٹنگ
25 اگست 2010اگرچہ کنگ خان کی جادوئی اداکاری کے دیوانے پوری دنیا میں موجود ہیں تاہم یہاں جرمنی میں شاہ رخ کے مداحوں کا اپنے سٹار کو پسند کرنے کا طریقہ اپنی جگہ نرالا اور منفرد ہے۔ بھارتی فلم اداکار خاص طور سے جرمن خواتین میں مشہور ہیں۔
برلن کے سیاحتی شعبے کے ڈائریکٹر بُرکہارڈ کیکر نے کہا کہ جرمن دارالحکومت میں اِس ہندی فلم کی شوٹنگ سے برلن کے دورازے بھارتی مارکیٹ کے لئے کھل جائیں گے:’’شاہ رخ خان کے یہاں آنے سے برلن سیاحت کے اعتبار سے بھارتی مارکیٹ کے لئے کھل جائے گا اور یہی ہم چاہتے بھی ہیں۔‘‘
اطلاعات کے مطابق شاہ رخ خان اپنی اِس نئی فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں اسی سال سردیوں کے موسم میں برلن آ رہے ہیں۔ ’ڈان ٹو‘ کو برلن برانڈن برگ فلم پروموشن کمپنی ’میڈین بورڈ‘ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کمپنی فلم کی پروموشن کے لئے ساڑھے پانچ لاکھ یورو خرچ کر رہی ہے۔
برلن میں ہدایت کار فرہان اختر کی فلم ’ڈان ٹو‘ کی شوٹنگ تقریباً دو مہینے تک جاری رہے گی۔ یہ فلم برلن کے کئی اہم تاریخی اور سیاحتی مقامات پر شوٹ ہو گی۔
شاہ رخ خان نے گزشتہ برس جرمنی میں اس وقت تہلکہ مچایا تھا، جب اُن کی فلم ’مائی نیم از خان‘ برلن کے بین الاقوامی فلمی میلے بیرلینالے میں دکھائی گئی۔ جرمنی میں کنگ خان کے چاہنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جرمن نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد شاہ رخ کی فلمیں دیکھتی ہے، جن میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘،’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘،’دل تو پاگل ہے‘ ’مائی نیم از خان‘، بازی گر‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ قابل ذکر ہیں۔ یہ سبھی فلمیں جرمن ٹیلی وژن پر بھی دکھائی جا چکی ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ’ڈان ٹو‘ آئندہ سال ریلیز ہو گی۔ فلم ’ڈان‘ پہلی مرتبہ سن 1978ء میں بنی، جس میں بالی وُڈ کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن نے ہیرو کا کردار نبھایا تھا۔ امیتابھ کو اس فلم میں بہترین اداکاری پر بہترین اداکار کے ’فلم فیئرایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔ اس فلم میں امیتابھ وجے کے نام سے ایک انڈر ورلڈ ڈان بنے تھے۔ ان کے علاوہ اس سُپر ہٹ فلم میں زینت امان، پران، افتخار اور ہیلن نے بھی عمدہ کردار نبھائے تھے۔
واضح رہے کہ سن 2006ء میں شاہ رُخ خان کی اداکاری سے سجی فلم ’ڈان وَن‘ بہت زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ تب یہ فلم اپنی لاگت بھی پوری نہیں کر سکی تھی۔
شاہ رخ خان فلم ’ڈان وَن‘ میں اصل ڈان امیتابھ بچن کی ٹکر کی اداکاری پیش نہیں کر سکے تھے، دیکھتے ہیں کہ اِس بار وہ اِس مقصد میں کہاں تک کامیاب ہو پاتے ہیں؟
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: امجَد علی