1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باہمت خواتین کا عالمی ایوارڈ بلوچستان کی جلیلہ حیدر کے نام

5 مارچ 2020

بلوچستان کی ’آئرن لیڈی‘ کے نام سے پہچانی جانے والی وکیل جلیلہ حیدر کو امریکا میں ’انٹرنیشنل ویمن کریج ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔ جلیلہ حیدر نے اس ایوارڈ کو پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی خواتین کے نام کیا۔

https://p.dw.com/p/3Yuih
USA Washington | Jalila Haider erhält den IWOC "International Women of Courage Award" übergeben von Mike Pompeo und Melanie Trump
تصویر: Getty Images/AFP/M. Ngan

واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان میں انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور ڈیموکریٹک ویمن فرنٹ بلوچستان کی صدر جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ کو دیگر بارہ باہمت خواتین کے ساتھ اس عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ امریکی وزیر خارجہ اور امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے چار مارچ کو واشنگٹن میں اعزازی تقریب میں جلیلہ حیدر کو یہ ایوارڈ دیا۔ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آج جن خواتین کی خدمات کو سراہا گیا ہے وہ نہ صرف مضبوط اور مذاہمتی خواتین ہیں، وہ ہم سب کے لیے حقیقی طور پر مثال کن شخصیات ہیں۔‘‘ 

امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق اس اعزاز سے ان بہادر خواتین کو سراہا جاتا ہے، جنہوں نے مشکل حالات میں امن، انصاف، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہوں۔ اس اعلامیے کے مطابق جلیلہ نے بلوچستان کی مقامی کمیونٹی کے حقوق کے لیے بہت زیادہ کام کیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے خواتین پر تشدد کے خلاف بھی آواز بلند کی ہے۔
بلوچستان کی ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی جلیلہ حیدر انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ہیں اور انہیں بلوچستان کی آئرن لیڈی بھی کہا جاتا ہے۔ جلیلہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون وکیل ہیں۔ وہ غریب خواتین کو مفت مشاورت اور قانونی خدمات مہیا کرتی رہی ہیں۔ بلوچستان میں سن دو ہزار اٹھارہ اور انیس میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج میں  انہوں نے پر امن بھوک ہڑتال کی بھی سربراہی کی تھی۔

مائکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جلیلہ حیدر کو مبارک باد پیش کی جا رہی ہیں۔ جلیلہ حیدر نے اس ایوارڈ کو پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی ایسی خواتین کے نام کیا جو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن جلیلہ حیدر کو گزشتہ سال بی بی سی نے ایک سو بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔ 
رواں برس امریکا کی جانب سے ’انٹرنیشنل ویمن کریج  ایوارڈ‘ حاصل کرنے والی خواتین میں افغان خاتون ظریفہ غفاری، آرمینیا کی لکی کوچاریان، آذربائیجان کی شہلا ہمباٹوا، بولیویا کی زیمینہ گلارزا، برکینا فاسو کی کلیئر اودراوگا، چین کی سیراگل سوئتبے، ملیشیا کی سوزانا لیو اور نکاراگوا کی امایا کوپنس شامل ہیں۔

ہزارہ افراد کی لاشیں چیک پوسٹوں کے بیچ گرتی ہیں، جلیلہ حیدر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں