1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرطانیہ

برطانوی شہری نے ’چیریٹی میراتھن‘ کا ہدف پورا کر لیا

2 جنوری 2023

کی53 سالہ گیری میککی نے 365 میراتھنز کا اپنا ہدف مکمل کر لیا ہے، جس کا مقصد کینسر کے مریضوں کے لیے فنڈز اکھٹا کرنا تھا۔

https://p.dw.com/p/4LeTi
UK Gary McKee
تصویر: Elwyn Evans/PA Wire/picture alliance

برطانوی شہری گیری میککی نے نئے سال کا جشن میراتھن کا چلینج مکمل کر کے منایا۔ انہوں نے 2022 میں ہر روز 26 میل کا سفر طے کیا۔ اس میراتھن کا مقصد ایک خیراتی ادارے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنا تھا۔

 53 سالہ گیری میککی نے اتوار کے روز شمال مغربی انگلینڈ میں اپنے آبائی علاقے کمبریا میں میراتھن کا 365 دن کا اپنا چیلنج مکمل کیا۔ انہوں نے یکم جنوری 2022ء کو ہوم ویسٹ کمبریا میں کینسر چیریٹی ہوم 'میکمیلن کینسر سپورٹ‘ کے لیے ایک ملین پاؤنڈ جمع کرنے کے مقصد سے یہ میراتھن شروع کی تھی۔

پچھلے ایک سال کے دوران انہوں نے تقریباً 15400 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور جوتوں کے 22 جوڑے تبدیل کیے۔

برلن میراتھن میں پاکستانی ریسرز کی شرکت

میککی اس چیلنج کو پورا کرنے سے قبل بھی ہر روز اسی راستے پر دوڑتے تھے۔ وہ صبح کام پر جانے سے پہلے اپنے لیے طے کردہ روزانہ کا ہدف پورا کرتے تھے۔ ’جسٹ گیونگ ڈاٹ کام‘ فنڈ ریزنگ ویب سائٹ کے مطابق آج پیر کے روز سہ پہر تک انہوں نے 1,100,096 برطانوی پاؤنڈز جمع کر لیے ہیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 1997ء میں میککی اپنے والد کے کینسر کی تشخیص کے بعد سے گزشتہ دو دہائیوں سے اس خیراتی ادارے کے لیے رقم جمع کر رہے ہیں۔

اپنی ریس کے اختتام پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تجربہ ہمیشہ یاد رہے گا، ''بارش ہو رہی تھی لیکن لوگ تالیاں بجا رہے تھے اور خوشی سے نعرے لگا رہے تھے۔ مجھے سب لوگوں کو وہاں دیکھ کر خوشی اور مسرت کا احساس ہو رہا تھا‘‘۔

کینسر سپورٹ کی فنڈ ریزنگ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کلیئر رونی نے گیری کی'’کامیابی اور بے لوث محنت‘‘ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا، ''میرے پاس ہر اس چیز کے لیے، جو میککی نے ہمارے ادارے کے لیے کی، شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ کم پڑ رہے ہیں۔ ہم دل کی گہرائیوں سے ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ایک ایسے وقت میں کینسر کے شکار لوگوں کی مدد کی، جب انہیں ہماری پہلے سے زیادہ ضرورت ہے‘‘۔

میککی سے سوال کیا گیا کہ انہیں روزانہ میراتھن کے لیے دوڑنے کا حوصلہ کہاں سے ملا؟ تو ان کا کہنا تھا، ''لوگوں کو یہ بتانا مناسب نہیں ہے کہ آپ کچھ کرنے جا رہے ہیں اور پھر اسے نہ کرنے کا بہانہ ڈھونڈیں۔ مجھے ہمیشہ اپنا چیلنج پورا کرنے کی وجہ مل جاتی ہے۔ یہ میراتھن مکمل کرنے کا میرا ایک ہی مقصد تھا کہ مجھے یہ کر کے دکھانا ہے‘‘۔

میککی کے ساتھ کبھی کبھار ہائی پروفائل سپورٹرز بھی شامل ہو جاتے تھے۔ ان سپورٹرز میں انگلینڈ کی رگبی یونین کے دفاعی کوچ کیون سنفیلڈ بھی شامل رہے ہیں۔

نک مارٹن (ر ب/ ا ا)