برطانوی ڈیزائنر مک کوئین کی موت، خودکشی کا شبہ
12 فروری 2010برطانوی حکام یا مک کوئین کے مشتہرین میں سے کسی نے خودکشی کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم پولیس نے ان کی موت میں کسی مشتبہ پہلو کے امکان کو مسترد کیا ہے۔
ایک ہفتہ قبل ہی مک کوئین کی والدہ انتقال کرگئیں تھیں۔ برٹش فیشن انڈسٹری کے ''Bad Boy'' کے نام سے مشہور اس ڈیزائنر کو نرالے طرز کے لباس ڈیزائن کرنے کے حوالے سے عالمی شہرت حاصل تھی۔ مک کوئین کی مصنوعات کی تشہیر کرنے والی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال ان کی المناک موت کے بارے میں کچھ بھی کہنا نامناسب ہے۔
مک کوئین چار مرتبہ بہترین برطانوی فیشن ڈیزائنر کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی موت لندن فیشن ویک سے محض چند دن جبکہ پیرس فیشن ویک سے محض ایک مہینہ قبل ہوئی۔ والدہ کے انتقال کے بعد مک کوئین نے ایک انٹرنیٹ بیان میں اپنے غم کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے اپنے دوستوں کی تعریف کرتے ہوئے غم بھلانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تھا۔ ملک کوئین کی ایک قریبی دوست، فیشن ڈیزائنر Isabella Blow بھی تین سال قبل خودکشی کرچکی ہیں۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: ندیم گِل